کھیل
01 مارچ ، 2017

پی سی بی کی بنگلہ دیش کو پاکستان میں مکمل سیریز کی پیشکش

پی سی بی کی بنگلہ دیش کو پاکستان میں مکمل سیریز کی پیشکش

لاہور میں پاکستان سپرلیگ کے کامیاب انعقاد کی صورت میں امکان ہے کہ اس سال کے آخر میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔ اس سیریز سے قبل بنگلہ دیش سیکورٹی صورتحال پر اطمینان کرنا چاہتا ہے۔2009 سے پاکستان میں غیر ملکی ٹیمیں آنے سے گریز کررہی ہیں۔

دو سال پہلے زمبابوے کی ٹیم ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کھیلنے پاکستان آئی تھی۔ پاکستان سپر لیگ فائنل میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت بدستور سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے۔


منتظمین ابھی تک یہ بتانے سے گریز کررہے ہیں کہ کون کون سے غیر ملکی لاہور کے لئے سفر کریں گے۔ بنگلہ دیش حکومت کی جانب سے انٹیلی جنس اور ویجلینس کے دو افسران بھی لاہور میں پاکستان سپر لیگ کا فائنل دیکھنے اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے لاہور پہنچ رہے ہیں۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم نے دسمبر میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ بھارت کی جگہ بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کو پاکستان بلا کر سیریز کھیلنا چاہتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم جولائی میں بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی۔ لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش بورڈ کو تجویز دی ہے کہ اگر وہ رضامندی ظاہر کریں تو بنگلہ دیش ٹیم پاکستان کا دورہ کرے جس میں ٹیسٹ،ون ڈے اور ٹی 20 میچ شامل ہوں گے۔

پی سی بی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ٹیم تین بار بنگلہ دیش کا دورہ کرچکی ہے اس لئے اب بنگلہ دیش پاکستان کا دورہ کرے۔بنگلہ دیشی سیکورٹی وفد نے سیکورٹی وفد کلیئرنس دیدی تو دسمبر میں دونوں ٹیموں کے درمیان مکمل سیریز ہوگی۔

 

 

مزید خبریں :