کھیل
01 مارچ ، 2017

پی ایس ایل: غیرملکی کمنٹیٹرز وٹی وی عملے کا لاہور آنے سے انکار

پی ایس ایل: غیرملکی کمنٹیٹرز وٹی وی عملے کا لاہور آنے سے انکار

پاکستان سپر لیگ فائنل میں غیر ملکی کرکٹرز کی شرکت غیر واضح ہے۔ ٹورنامنٹ کا ایک دھچکہ اس وقت لگا ہے جب غیر ملکی کمنٹیٹرز اورٹیلی وژن کریو میں شامل غیر ملکیوں نے بھی لاہور جانے سے انکار کردیا ہے۔ ان حالات میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے فائنل کی کوریج کے لئے پروڈکشن ٹیم میں اکثریت پاکستانیوں کو شامل کیا ہے۔ جن کمنٹیٹرز اور کریو ممبرز نے انکار کیا ہے ان میں انگلینڈ، نیوزی لینڈ، بھارت، جنوبی افریقا کے باشندے شامل ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ جو پاکستان سپر لیگ کا خود براڈ کاسٹر ہے اس کی جانب سے اس صورتحال پر تبصرے سے گریز کیا گیا ہے۔ پی سی بی نے سپر لیگ کے لئے دنیا کی بہترین ٹیکنالوجی حاصل کی تھی۔ ٹی وی کوریج کے ڈائریکٹر کا شمار بھی عالمی شہرت یافتہ اسپورٹس کوریج ڈایر یکٹرز میں ہوتا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے میچوں میں کمنٹری کرنے والے غیر ملکی کمنٹیٹرز فائنل کے لیے لاہور نہیں جائیں گے۔کمنٹیٹرز ٹیم شامل سابق ویسٹ انڈین فاسٹ بولر ای این بشپ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی سیریز کی کمنٹری کے لیے جارہے ہیں تاہم بقیہ تینوں غیرملکی کمنٹیٹرز لاہور نہیں جائیں گے۔

پاکستان سپر لیگ کے میچوں کو دکھانے والی پروڈکشن ٹیم میں بھی تبدیلی ہونے والی ہے اور لاہور کے فائنل کے نشریاتی حقوق کسی دوسرے پروڈکشن ٹیم کو دیے جاسکتے ہیں۔ موجودہ پروڈکشن ٹیم نے کمنٹیٹرز سے کہا ہے کہ ان کا معاہدہ پلے آف میچز تک ہے جس کے بعد ان سے نیا معاہدہ نیا براڈ کاسٹر کرسکتا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے کریو اور ریڈیو کمنٹری ٹیم میں شامل سری لنکا کے ایک کمنٹیٹرز ایرک گورڈا کے ویزوں کے لئے دبئی میں پاکستانی سفارت خانے سے رجوع کیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے پروڈکشن حقوق کی حامل برطانوی کمپنی سن سیٹ اینڈ وائن لاہور میں ہونے والے ایونٹ کے فائنل کے پروڈکشن حقوق سے دستبردار ہو گئی ہے۔ جس کے بعد دبئی کی پروڈکشن کمپنی انوویٹو پروڈکشن گروپ سے فائنل کیلئے خصوصی معاہدہ بھی کر لیا ہے ۔

ہاک آئی ٹیکنالوجی اور اسپائیڈر کیم کی سہولت فراہم کرنے والی کمپنیاں بھی فائنل کے لاہور میں انعقاد کے اعلان کے بعد دستبردار ہو گئی ہیں ، فائنل میں یہ سہولیات دستیاب نہیں ہوں گی لیکن ڈرون کیمرے کی سہولت دستیاب ہو گی۔ سن سیٹ اینڈ وائن نے گزشتہ سیزن میں بھی لیگ کے پروڈکشن کے فرائض انجام دیے تھے لیکن گزشتہ دنوں انہوں نے ای میل کے ذریعے مطلع کیا کہ وہ سیکیورٹی خدشات کے سب لاہور آنے میں ہچکچاہٹ کا شکار ہیں ۔

 

 

مزید خبریں :