کھیل
01 مارچ ، 2017

پی ایس ایل فائنل: لمبی قطاریں،دھکم پیل، 500والا ٹکٹ شارٹ

پی ایس ایل فائنل: لمبی قطاریں،دھکم پیل، 500والا ٹکٹ شارٹ

لاہور میں کرکٹ کا جنون قابو سے باہر ہوگیا،پی ایس ایل فائنل کے ٹکٹ کے حصول کے لئے ہجوم بینکوں کے باہر امڈ آیا،لمبی لمبی قطاریں لگ گئی، دھکم پیل اور کھینچا تانی جاری ہے،پولیس اور بینک عملہ لوگوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگیا ۔

پی ایس ایل فائنل کے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت دھڑا دھڑ جاری ہے ،کئی انکلوژرز کے تمام ٹکٹ چند گھنٹوں میں فروخت ہوگئے،لاہور کے علاقے مسلم ٹائون کی بینک برانچ میں 500 کے بعد 4ہزار والے ٹکٹ بھی ختم ہوگئے ہیں۔

پی ایس ایل فائنل سے پہلے ٹکٹوں کی جنگ جاری ہے،لاہور کے علاقے گلبرگ بلیوارڈ میں بینک کے باہر شدید بد نظمی دیکھنے میں آئی، لمبی لائن میں کھڑے رہنے کے باوجود ٹکٹوں کا حصول دشوار ہونے پر شائقین کرکٹ کے ہاتھ سے صبرکا دامن چھوٹنے لگا۔

شائقین کرکٹ کا ٹکٹو ں کے حوالے سے کہنا تھا کہ پی ایس ایل فائنل کا 500روپے والا ٹکٹ خریدنے آئے تھے،جو نہیں مل رہا،محنت کش ہیں مہنگا ٹکٹ کیسے خریدیں؟

چند شائقین کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ٹو فائنل کا 5 سو والا ٹکٹ خریدنے آئے تھے،جو نہیں ملا،پھر 4ہزار کا ٹکٹ خریدنے کا حوصلہ پیدا کیا مگر اب وہ بھی نہیں مل رہا، جس کے بعد لوگ 8 اور 12ہزار والے ٹکٹ خریدنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

بینک انتظامیہ کے مطابق ٹکٹ کی فروخت پی سی بی کی پالیسی کے تحت کی جاری ہے، 5سو والے ٹکٹ انتہائی محدود تعداد میں آئے تھے جو ختم ہوگئے۔ اب یہ ٹکٹ صرف مرکزی بینکوں سے دستیاب ہوں گے۔ بینک میں اب 8 اور 12ہزار والے ٹکٹ موجود ہیں۔

مزید خبریں :