کھیل
01 مارچ ، 2017

فائنل کے ٹکٹوں کی آن لائن بکنگ مکمل، خریدار پریشان

فائنل کے ٹکٹوں کی آن لائن بکنگ مکمل، خریدار پریشان

پی ایس ایل فائنل کےلیے ٹکٹوں کی آن لائن بکنگ مکمل ہوگئی، شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ ماجد خاں، امتیاز احمد، سعید احمد اور جاوید میانداد انکلوژر کی ٹکٹیں موجود نہیں، وہ کیا کریں۔

فی ٹکٹ 4سے 11ڈالر سروسز چارجز بھی وصول کیے گئےہیں ،پی ایس ایل میچ کیلئے ٹکٹوں کی آن لائن بکنگ رات گئے شروع کی گئی جو صبح صبح مکمل ہوگئی ۔

ہوٹل انتظامیہ نے خریداروں کو ٹکٹ حاصل کرنے کا وقت صبح 11بجے دیا تھا مگر پی سی بی کا عملہ ساڑھے 12بجے پہنچا، آن لائن بکنگ کرانے والوں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

ان کا کہناتھاکہ جن انکلوژرز کی ٹکٹیں بک کرائی تھیں وہ پی سی بی نے بھیجی ہی نہیں۔

اس سےقبل عمران خان، فضل محمود، وسیم اکرم اور وقار یونس انکلوژر سمیت دوسرے انکلوژرز کے ٹکٹوں کی آن لائن بکنگ مکمل ہوگئی۔

سروس چارجز شامل ہونے کی وجہ سے ٹکٹ مزید مہنگے بک ہوئے، 12 ہزار کا ٹکٹ 12840 روپے میں، 8ہزار والا 8560 روپے میں جبکہ چار ہزار والا ٹکٹ 4280 روپے میں بک کیا گیا۔

پی سی بی نے آن لائن ٹکٹوں کی ویب سائٹ پر قذافی اسٹیدیم کا نام ہی بدل ڈالا، شارجہ اور دبئی کی طرح قذافی اسیڈیم کو بھی لاہور انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم قرار دے دیا۔

ادھر پی ایس ایل فائنل کے ٹکٹ چند ہزار جبکہ ان کے خریدار بے شمارہیں، بینکوں کے باہر لمبی قطار سے کسی کوٹکٹ ملاتو کوئی خالی ہاتھ لوٹا ۔

ٹکٹ نہ ملنے پر شائقین کا صبر جواب دے گیا، دھکم پیل، کھینچا تانی،جس کو ٹکٹ مل گیا وہ خوشی سے نہال ہے۔

دوسری جانب پی ایس ایل فائنل کے ٹکٹ کے حصول کے لیے گلبرگ میں بینک کے باہر ایک مرتبہ پھر دھکم پیل ہوئی ہے۔

بینکوں کےباہر ٹکٹ کے حصول کیلئے جنگ جاری ہے،500روپے والے ٹکٹ نایاب ہوگئے،مہنگے ٹکٹ شائقین کی پہنچ سے دور ہیں، بینکوں کےباہر پولیس امن وامان برقرار رکھنے کیلئے کوشاں ہے، قذافی اسٹیڈ یم کے داخلی راستے آج بھی بند رہے۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں بینک آف پنجاب کی مخصوص شاخوں سے پی ایس ایل فائنل کے ٹکٹوں کی فروخت جاری ہے اور بینکوں کے باہر زبردست رش ہے، پولیس کو امن وامان برقرار رکھنے میں مشکلات کاسامنا ہوا۔

گھنٹوں سے قطاروں میں لگےشائقین کا کہنا ہے کہ 5سو روپے والے ٹکٹ تو ایک طرف 4ہزار روپے والے بھی دستیاب نہیں،8ہزار اور 12ہزار والے ٹکٹ میسر ہیں جو خریدنے کی سکت نہیں،بینک حکام کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے اتنے ہی ٹکٹ دیئے تھے۔

ادھر مین بلیوارڈ گلبرگ میں پولیس نے دو مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا، قذافی اسٹیڈیم کے داخلی راستے آج بھی بند ہیں،میڈیا کو بھی داخل نہیں ہونے دیا جارہا، صرف نشتر پارک کمپلیکس میں کام کرنے والے افراد کو اندر جانے کی اجازت ہے۔

 

مزید خبریں :