-----

کیو ایل ای ڈی اور دی فریم ٹی وی متعارف کرادیئے گئے

Qled Aur The Frame Tv Mutarif Kara Deyay Gaye

عرفان آفتاب ...فرانس کے دارالحکومت پیرس میں سیمسنگ کے لائف اسٹائل ٹی وی کیو ایل ای ڈی اور دی فریم کو متعارف کروادیا گیا۔

کمپنی کے شعبے ویژول ڈسپلے بزنس کے صدر ایچ ایس کم کا کہنا تھا کہ جدید اسٹائل، اسمارٹ فیچرز اور تصویر کے بہترین معیار کے ساتھ ٹی وی کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے، کوانٹم ڈاٹ ٹیکنالوجی  کو اگلی سطح پر لاتے ہوئے،  کیو ایل ای ڈی ٹی وی میں  روشنی کی کارکردگی میں بہتری اور وسیع تر کلر اسپیکٹرم  شامل کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کیو ایل ای ڈی ٹی وی  میں ایچ ڈی آر پندرہ سو کی مدد سے صارفین کو تصویر میں ہر پوشیدہ تفصیل دکھائی دے گی۔

اس موقع پر چیف ایگزیکٹو بزنس منیجر سیمسنگ پاکستان کے ایچ پارک نے ’جیو نیوز ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال موسمِ گرما میں کیو ایل ای ڈی ٹی وی پاکستان میں بھی متعارف کرایا جارہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ٹی وی روشنی اور رنگوں کا کامل مجموعہ ہے جبکہ دی فریم ٹی وی نے روایتی استعمال میں نیا اور منفرد انداز پیش کیا ہے۔

کمپنی کے شعبے کنزیومر الیکٹرانکس کے پاکستان کے ہیڈ عمران قیوم خان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی صارفین کو بھی عمدہ پراڈکٹس اور بہترین لائف اسٹائل کی چوائس حاصل ہو، اسی لیے پاکستان میں بھی کیو ایل ای ڈی ٹی وی پوری دنیا کے ساتھ بیک وقت لانچ کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ نئی اننو ویٹو ٹیکنالوجی پر مبنی دی فریم دیوار پر آویزاں تصویر کی شکل میں پیش کیا گیا ہے، جدید طرزِ زندگی کے مطابق یہ ٹی وی صارفین کے من پسند ڈیجیٹل آرٹ کا فن پارہ ہوگا، لائف اسٹائل ٹی وی کی دیگر خصوصیات میں اسمارٹ ریموٹ کنٹرول، انوزبل کنیکشن اور نو گیپ وال ماؤنٹ موجود ہیں، کیو ایل ای ڈی ٹی وی ہوم انٹرٹینمنٹ ڈیوائسز میں جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ نت نئے آئیڈیاز کا منفرد شاہ کار ہے۔ 

تقریب  میں دنیا بھر سے 800 سے زائد شرکاء کے علاوہ 200 صحافی بھی موجود تھے۔