پاکستان
22 مارچ ، 2017

قرارداد پاکستان کی حقیقی روح پر عمل کیا جائے، بلاول

قرارداد پاکستان کی حقیقی روح پر عمل کیا جائے، بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ قرارداد پاکستان تقاضا کرتی ہے کہ اس کی حقیقی روح پر عمل کیا جائے، ملک کے بانیوں کے مشن اور نظریہ پاکستان کی حقیقی مشعل بردار کے طورپیپلزپارٹی کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔

یوم پاکستان کے سلسلے میں جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 8دہائیاں قبل قرارداد پاکستان کی منظوری سے پاکستان کی بنیاد ڈالی گئی۔

انہوں نے مزید اس ریاست کی بنیا د انصاف، امن اور مساوات پر مبنی ہے، ملک کی تمام اکائیوں کے مابین مضبوط رشتوں کیلئے قرارداد پاکستان پر عمل کرنا ضروری ہے۔

بلاول نے یہ بھی کہا کہ بانی پاکستان کے خوابوں کی تکمیل کا یہ سنہری موقع ہے ، پیپلز پارٹی اپنے مشن اور مقصد کی حصول کے لیے سفر جاری رکھے گی۔

سابق صدر آصف علی زرداری کا یو پاکستان کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ یہ نہایت سنگین بات ہے کہ یوم پاکستان کے موقع پر عدلیہ کی جگہ فوجی عدالتوں کو دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قائد کے اصولوں کو ایک بڑا خطرہ ان انتہا پسندوں سے ہے جو مذہب کے نام پر خواتین اور غیرمسلموں کے خلاف اپنا دقیانوسی ایجنڈا عوام پر مسلط کرنا چاہتے ہیں۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ اس دن ہمیں قیام پاکستان کے جمہوری اصولوں پر چلنے کیلئے خود کو وقف کرنے کا عہد کرنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ فوجی عدالتوں کی ضرورت کرمنل جسٹس کا نظام کمزور ہونے کی وجہ سے پڑی، یہ عہد کرنا چاہیے کہ جلد از جلد کرمنل جسٹس سسٹم کو درست کریں گے۔

سابق صدر نے یہ بھی کہا کہ قائد اعظم نے ایسے پاکستان کا خواب دیکھا تھا جہاں تمام شہریوں کو بلاتفریق مساوی حقوق حاصل ہوں، ہم عہد کرتے ہیں کہ انتہاپسندوں سے آخری دم تک لڑتے رہیں گے۔

مزید خبریں :