صحت و سائنس
24 مارچ ، 2017

کراچی: 20افراد میں چکن گنیا وائرس کی تصدیق

کراچی: 20افراد میں چکن گنیا وائرس کی تصدیق

شہر میں رواں ماہ اب تک 20افراد میں چکن گنیا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے ،جبکہ درجنوں مشتبہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ لیکن اس کے باوجود شہری ادارے اور صوبائی محکمہ صحت مچھروں کے خاتمے کے خاطر خواہ اقدامات نہیں کر رہے۔

شہر کے مختلف علاقوں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق کورنگی، لیاری، اورنگی ٹاؤن، ابراہیم حیدری، بن قاسم اور گڈاپ کے علاقے میں اسپتالوں میں تیز بخار کے درجنوں مریض سامنے آئے ہیں۔

اس سلسلے میں ڈائریکٹر صحت کراچی ڈاکٹر محمد توفیق کا کہنا تھا کہ رواں ماہ اب تک چکن گنیاکے98مشتبہ کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے 20میں چکن گنیا کی تصدیق ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہر میں کہیں بھی بخار کے کیسز سامنے آرہے ہیں تو اسے چکن گنیا کے کیسز کہا جارہا ہے ایسا نہیں ہے چکن گنیا کے کیسز میں بتدریج کمی ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا کام چکن گنیا کے مریضوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنا ہے جو کی جارہی ہے، جبکہ اس مرض سے بچاؤ کی آگہی بھی دی جارہی ہے، جہاں تک مچھروں کے خاتمے کا تعلق ہے تو یہ کام کے ایم سی کا ہے ۔

اس کےلئے2 روز قبل کے ایم سی کے سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز کو مکتوب لکھا تھا ،جس کی کاپی وزیر بلدیات اور سیکریٹری بلدیات کو بھی بھیجی تھی، جس میں ان سے مچھروں کے خاتمے کےلئے اقدامات کرنے کا کہا تھا۔

 

مزید خبریں :