پاکستان
24 مارچ ، 2017

اسامہ کی پاکستان میں موجودگی پر تحقیقات کی جائے، گیلانی

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ امریکیوں کو ویزا اجرا پر نہیں،اسامہ بن لادن کی پاکستان میں موجودگی پر اور2002ءتا 2017ء ویزوں کے اجراء کی تحقیقات کرائی جائیں۔

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ اس سے پہلے بھی بطور وزیراعظم کہا تھا کہ اسامہ بن لادن کی موجودگی کی تحقیقات کرائی جائے، امریکیوں کو شمسی ائربیس استعمال کرنے کی اجازت پرویز مشرف نے دی، پیپلزپارٹی کی حکومت نے ہی امریکیوں سے یہ بیس خالی کرایا، ایبٹ آباد آپریشن میں حصہ لینے والی امریکی فورسز ویزا لے کر نہیں آئیں، اس وقت کے امریکا میں پاکستانی سفیر حسین حقانی کو خط لکھنے اور انہیں اختیارات دینے کا مطلب ویزوں کے اجراء کے عمل کو تیز کرنا تھا قواعد و ضوابط کو بائی پاس کرنا نہیں تھا۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حسین حقانی کے نام خط میں سفیر کو واضح کر دیا تھا کہ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی سفارش پر ویزا جاری کیا جائے، مذکورہ خط رائے کے لیے مختلف وزارتوں کو بھی بھجوایا گیا، دنیا بھرکے سفارتخانوں میں سیکیورٹی ایجنسیز کے اہلکار تعینات ہوتے ہیں، سفیر کو اختیارات دینے کا مقصد سفارتخانے کو پاورفل بنانا ہوتا ہے، خط میں کہیں نہیں لکھا کہ سفیر سفارتخانے کے اصول نظر انداز کر دے، کوئی بھی ویزا بغیر سیکیورٹی کلیئر نس جاری نہیں کیا جاتا،حسین حقانی کا بھی کہنا ہے کہ انہوں نے بغیر سیکیورٹی کلیئرنس کوئی ویزا جاری نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ درخواستوں میں وزٹ کا واضح مقصد درج کرنے کی ہدایت بھی دی گئی، خط میں اسپیشل امریکی فورسز کو ویزے دینے کی اجازت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، اس معاملے کو اچھالنے کا مقصد اصل مسائل سے توجہ ہٹانا ہے،پیپلزپارٹی نے امریکاکو اس قسم کی کوئی اجازت کبھی نہیں دی۔

مزید خبریں :