بلاگ
24 مارچ ، 2017

عزم، حوصلے اور جنون سے بھرپور یوم پاکستان

عزم، حوصلے اور جنون سے بھرپور یوم پاکستان

بہت عرصہ بعد پوری قوم نے مکمل یکجہتی عزم اور حوصلے کے ساتھ یوم پاکستان منایا، کراچی تا خیبر پوری قوم کی خوشی دیدنی تھی، فوجی قوت کا شاندار مظاہرہ ہی پاکستان کے دشمنوں کی نیندیں اڑانے کے لیے کافی تھا کہ عظیم دوست ممالک چین، ترکی اور سعودی عرب کے فوجی دستوں نے بھی پاکستانی پرچم کو سلامی دی اور پوری دنیا کو ایک واضح پیغام دیا کہ ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

جیسا کہ گریٹ گیم کے حوالے سے میں نے اپنے کالموں میں مسلسل اس طرف اشارہ کیا ہے کہ خطے کی صورتحال بدل رہی ہے، دوست اور دشمن دونوں سامنے آ رہےہیں، یہی صورتحال  ملک کے اندر بھی ہے، غیر ملکی طاقتوں کے ہاتھوں کھیلنے والے اندرونی دشمن بھی ہمارے سامنے آ رہے ہیں۔

لاہور میں پی ایس ایل کے شاندار فائنل کا انعقاد، اسلام آباد میں پاکستان کا دوست ممالک کے ساتھ فوجی قوت کا شاندار مظاہرہ، دشمن کی دھمکیوں کے باوجود تقریب کا ایوان صدر کے ہال کی بجائے کھلے میدان میں ہونا، برج الخلیفہ کا پاکستانی پرچم سے منور ہونا، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی درندوں کی موجودگی میں یوم پاکستان کا منایا جانا، پاکستان کے ہر چھوٹے بڑے شہر، قصبےاور دیہات میں پاکستانیوں کا انتہائی جوش و عزم کے ساتھ یوم پاکستان منانا یہ سب کیا ظاہر کر رہا ہے؟ہم نے پوری دنیا کو بڑا واضح پیغام دیا ہے کہ ہماری قوم متحد ہے اور کسی سے خوفزدہ نہیں۔

صدر پاکستان ممنون حسین نے اس موقع پر بھارت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے خطے میں امن کو داؤ پر لگا دیا ہے، حالات کا ذمہ دار بھی وہی ہو گا۔

سرینگر میں یوم پاکستان پر گویا پاکستانی پرچموں کی بہار آ گئی، ایک خاتون آسیہ اندرابی نے پاکستان کا پرچم اس خطے میں بلند کیا جہاں پاکستان کا نام لینا ایک جرم ہے، لاکھوں وحشی درندوں کی موجودگی کے باوجود کشمیر کی سرزمین ہماری ماؤں، بہنوں اور بچیوں کے پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی اور پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا گیا،بھارتی میڈیا ششدر رہ گیا۔

پورے بھارت میں پاکستان زندہ باد کے نعرے ہماری ان نڈر اور غیرت مند ماؤں بہنوں کی رپورٹنگ کرتے ہوئے گونجتے رہے، مجھے کوئی بتائے کہ اور محبت کیا ہوتی ہے، جرأت کسےکہتے ہیں،حیا کیا ہے، یہ کوئی ہماری ان بہنوں سے پوچھے، پاکستانی قوم آپ سب کو سلام پیش کرتی ہے۔

اللہ کی رحمت سے وہ وقت آئے گا جب مقبوضہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہو گا کیونکہ آپ آزادی کی قدر و قیمت سے آگاہ ہیں، پاکستان اور پاکستان سے باہر یوم پاکستان کی تقریبات کا اس جوش و جذبے سے انعقاد ساری دنیا کے لیے ایک پیغام ہے اور دشمنوں کے لیے ایک تنبیہ ہے۔

پاکستان اقتصادی اور معاشی حوالے سے خطے کی عظیم طاقت بننے جا رہا ہے، فوجی طاقت کے حوالے سے اس کا ثانی تو پہلے ہی کوئی نہیں ہے، یوم پاکستان پر جب چین، ترکی اور سعودی عرب میں میڈیا کے ذریعے پاکستان زندہ باد کے نعرے گونجے ہوں گے تو یہ سماجی اور نفسیاتی محاذ پر ہماری بہت بڑی کامیابی تھی، اس طرح ان ممالک کے عوام نے خود کو پاکستان کے قریب محسوس کیا ہو گا۔

مصنف  صاحبزادہ محمد زابر سعید بدر پچاس کتابوں کے مصنف ہونے کے ساتھ ساتھ ممتاز صحافی،محقق اور ابلاغ عامہ کی درس و تدریس سے وابستہ ہیں۔