شہر شہر
25 مارچ ، 2017

سیالکوٹ : سائبرکرائم کے الزام میں خاتون گرفتار

سیالکوٹ : سائبرکرائم کے الزام میں خاتون گرفتار

فیس بک کو جرم کا آلہ بنایا، بلیک میلنگ کا کھیل رچایا، شادی شدہ شخص کو بدنام کرنے کی دھمکیاں دیں، منہ بند رکھنے کے لیے بھاری رقم کا مطالبہ کیا،پاکستان میں پہلی بار سائبر کرائم میں ایک خاتون کا نام آیا۔

ایف آئی اے نے مقدمہ درج کرکے عدالتی ریمانڈ پر سلاخوں کے پیچھے بھیج دیا، سیالکوٹ سے لندن تک جانے والی دھمکیوں کا ڈراپ سین لاہور کی جیل میں ہوگیا۔

اختلاف اور دشمنی کے درمیان باریک لکیر اگر جذبات اور پیسوں سے بنی ہو تودشمنی جرم کا سہارا لیتی ہے، ٹیکنالوجی کے اس دور میں اب دشمنیاں بھی ہائی ٹیک ہوگئی ہیں، دھمکیوں، بدنامیوں اور بلیک میلنگ کی اس کہانی میں فیس بک کو جرم کے آلے کے طور پر استعمال کیا گیا۔

لندن سے شروع ہوئی اس سائبر کرائم اسٹوری میں احسن رانا نام کے ایک شادی شدہ شخص کو نشانہ بنایا گیا، دوسرا کردار سوشل نیٹ ورک کو اینٹی سوشل حرکت کے لیے استعمال کرنے والی سیال کوٹ کی خاتون کا ہے، جس نے فیس بک کے ذریعے دھمکی بھرے پیغامات بھیجے، منہ بند رکھنے کے لیے احسن رانا پر بلیک میلنگ کا حربہ آزمایا۔

سوشل میڈیا کو اپنے مقصد کے لیے استعمال کرنے والی خاتون کے خلاف احسن رانا کے بھائی نے ایف آئی اے کو کمپلین کرائی، جس پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نےخاتون کے فیس بک میسیجز کی چھان بین کی تو دھمکیوں اور گالیوں سے بھرے پیغامات کا سارا کچا چٹھا کھل کر سامنے آگیا، فیڈرل انویسٹی گیشن نے سائبر کرائم میں پہلی بار ایک خاتون کو ہتھکڑی لگادی، پرچہ کٹ گیا، جوڈیشل ریمانڈ پر سلاخوں کے پیچھے بھیج دیا گیا۔

کیس کرنے والوں نے الزام لگایا ہے کہ خاتون کی جانب سے بلیک میلنگ کا سیاہ کھیل احسن رانا کی ایک شادی امریکا میں ختم کراچکا ہے اور دوسری بیوی نے بھی مانچسٹر میں خلع کا دعویٰ دائر کررکھا ہے اور اب گھر والوں کی تصاویر کے ذریعے بدنام کرنے کی دھمکیاں دی جارہی تھیں۔

یوں دھونس اور دھمکی کے زور پر پیسوں کی بھوک کی جو کرائم اسٹوری لندن سے شروع ہوئی تھی لاہور میں قانون کے آہنی زیور پر ختم ہوئی۔

ایف ائی اے لاہورکے مطابق 45 سالہ ملزمہ سعدیہ مرزا کو سائبر کرائمز ونگ کی انسپکٹر حمیر اکنول کی سربراہی میں ٹیم سیالکوٹ سےگرفتار کرکے لاہورلے آئی ہے،لیڈیز پولیس تھانہ ریس کورس روڈ ملزمہ کو ریمانڈ کے لے عدالت میں پیش کرے گی۔

’جیو نیوز‘ سے گفتگو میں احسن رانا کے بھائی حسن رانا نے کہا ہے کہ خاتون نےاس کے بھائی کو اہل خانہ کی تصاویر بھیج کر بدنام کرنے کی دھمکیاں دی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمہ نے میرے بھائی احسن رانا سے بھاری رقم کا تقاضا کیا ،ملزمہ گھر میں تنہا رہتی تھی جس کے والدین فوت ہوچکے ، جبکہ بھائی بہن بیرون ملک مقیم ہیں۔

مزید خبریں :