پاکستان
26 مارچ ، 2017

آپریشن ردالفساد:اشتہاری ملزم مارا گیا،100 سے زائد گرفتار

آپریشن ردالفساد:اشتہاری ملزم مارا گیا،100 سے زائد گرفتار

پشاور ،کشمور ،بھکر اور جنڈ میں سیکورٹی فورسز نے آپریشن کرتے ہوئے قتل ،اغوا برائے تاوان سمیت سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری ملزم مارا گیا جبکہ 100 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ۔

کشمور میں آپریشن ردالفساد کے تحت غوث پور کے کچے کے علاقے میں پولیس ،رینجرزاورحساس اداروں نے کارروائی کی، چھاپے میں سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری ملزم گل بھیو مارا گیا ،جس سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ۔

ایس ایس پی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے ملزم کے مارے جانے کی تصدیق کردی اور کہا کہ گل بھیو 100 سے زائد قتل ، اغوا برائے تاوان اور دیگر مقدمات میں مطلوب تھا ۔

پشاور کے تھانہ شرقی اور چمکنی میں 200 سے زائد گھروں کی تلاشی لی گئی ،اس دوران متعدد افراد کو اسلحہ اور منشیات برآمد ہونے پر گرفتار کیا گیا ۔

پولیس کے مطابق تھانہ چمکنی کی حدود میں سرچ آپریشن کے دوران 9 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں 4 مشتبہ افراد بھی شامل ہیں،جن سے منشیات ،پستول اور 5کارتوس برآمد ہوئے جبکہ تھانہ شرقی سے ملحقہ علاقوں سے 15افراد کو حراست میں لیا گیا ،جن میں سے 13 مشکوک افراد بھی شامل ہیںجبکہ 2کو کرایہ داری کے کوائف مکمل نہ ہونے پر پکڑا گیا ۔

ادھر ہنگو میں پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 4 اشتہاریوں سمیت 26 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا، جن سےاسلحہ بھی ملا ہے۔

پنجاب کے شہروں بھکر اور جنڈ میں سرچ آپریشن کے دوران 20 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ،بھکر میں منکرہ اور صدر کے علاقے سے پکڑے گئے 17 ملزمان میں 3اشتہاری بھی شامل ہیں۔

مزید خبریں :