شہر شہر
26 مارچ ، 2017

لاہور: نہم، دہم کے سالانہ امتحانی پرچوں میں غلطیوں کا انکشاف

لاہور: نہم، دہم کے سالانہ امتحانی پرچوں میں غلطیوں کا انکشاف

لاہوربورڈ کے زیر اہتمام جماعت نہم اور دہم کےسالانہ امتحانات کے معروضی پرچوں میں غلطیوں کا انکشاف ہوا ہے، اس صورتحال سےناصرف تمام طالب علم پریشان ہیں،بلکہ پوزیشن کی دوڑ میں شریک ذہین طالب علموں کےسر پر پوزیشنیں متاثر ہونےکا خطرہ بھی منڈلانے لگا ہے۔

لاہور بورڈ کے زیر اہتمام دسویں جماعت کے امتحانات چند دن پہلےختم ہوگئے،جبکہ جماعت نہم کےامتحانات جاری ہیں جس میں اساتذہ اور طالب علموں نے انکشاف کیا ہے کہ دسویں جماعت کے انگلش،بائیالوجی ،کیمسٹری اور فزکس کے معروضی پرچوں میں متعدد غلطیاں پائی گئی ہیں۔

کسی معروضی سوال کے دو 2 جواب درست تھے،توبعض معروضی سوالوں کے چاروں آپشن غلط، انگلش پرچے کے پہلے اور دوسرے گروپ میں چارمعروضی سوالات کے دو 2 جواب درست تھے،بائیالوجی میں ہڈیوں کی تعداد،جنسی تولید اور مائیلن شیٹ کے معروضی سوالوں کے چاروں آپشن غلط ، کیمسٹری میں PF3 والےمعروضی پارٹ کا انگلش اوراردو ترجمہ مختلف تھا ۔

یہی صورتحال نویں جماعت کے فزکس کےپیپرمیں بھی دیکھنے کو ملی جس میں پہلے گروپ کے معروضی سوال میں انگلش اوراردو کا سوال مختلف اور جواب بھی غلط ہے، جیو نیوزنے کنٹرولر امتحانات لاہور بورڈ ناصر جمیل سےرابطہ کیاتوانہوں نے بتایاکہ تمام مضامین کے معروضی سوالوں کو دوبارہ دیکھا جا رہا ہے، اگر غلطیاں پائی گئیں تو طالب علموں کوان کےنمبر دیئے جائیں گے۔

مزید خبریں :