پاکستان
27 مارچ ، 2017

دہشت گردی کی کمر توڑ دی ہے، وزیر اعظم

وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ 2013ء تک پاکستان میں براحال تھا، کہیں سکون نہیں ملتا تھا، ہم نے دہشت گردی کی کمر توڑ کر رکھ دی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے سندھ میں کیا کر لیا؟ کراچی میں کوڑے کے ڈھیر لگے ہیں، حیدرآباد میں اسکول نہیں، اسپتال نہیں، پینے کا صاف پانی نہیں، لوگ ووٹ مانگنے آئیں تو پوچھو کہ کس بات کا ووٹ مانگ رہے ہو؟

ٹھٹھہ کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے حیدرآباد میں بھی خزانے کے منہ کھول دیئے، یونی ورسٹی کا اعلان کیا تو ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔

وزیراعظم نے حیدرآباد میں بین الاقوامی ایئرپورٹ، میٹرو بس، حیدرآباد کے میئر کو 50 کروڑ، یونیورسٹی کے لیے سو کروڑ اور غریب شہریوں کو ہیلتھ کارڈ دینے کے اعلانات بھی کیے۔

وزیراعظم نواز شریف حیدر آباد میں منعقدہ مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن میں پہنچے اس موقع پر لیگی کارکنوں نے پرجوش نعروں سے ان کا استقبال کیا۔

وزیر اعظم نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب کراچی میں لوگ ڈرتے اور خوفزدہ نہیں ہوتے کیوں کہ اللہ کے فضل سے وہاں امن ہے، کاروبار ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں جگہ جگہ کوڑے کرکٹ کے ڈھیر ضرور لگے ہیں، تاہم پرانے اور آج کے کراچی میں زمین آسمان کا فرق ہے، شہر قائد پھر پرسکون بن رہا ہے ، کراچی ترقی کرے گا تو پورا ملک ترقی کرے گا۔

وزیر اعظم نواز شریف نے حیدر آباد کے لیے 50 کروڑ روپے دینے اور یونیورسٹی قائم کرنے کے لیے 100 کروڑ روپے دینے کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ حیدر آباد میں بہت جلد یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا جائے گا۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ حیدرآباد میں جو جوش جو جذبہ نظر آرہا ہے وہ تبدیلی کا پیش خیمہ ہے، اسے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بھی دیکھا ہے، میرے پاس اس کی تعریف کے لیے الفاظ نہیں، یہ جوش و جذبہ مثالی ہے، حیدرآباد والوں کو مبارک باد دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بس دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کر رہا ہوں، جگہ نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو جانا پڑا، میں ان سے معذرت کرتا ہوں، پھر حیدرآباد آؤں گا اور دل کی باتیں کروں گا۔

میاں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان تبدیل ہورہا ہے ، ایک نیا پاکستان بن رہا ہے ،سی پیک کے فائدے پورے ملک کو پہنچ رہے ہیں،مکمل طور پر غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا،اگلے چند سال میں دنیا کے ترقی یافتہ ملکوں میں پاکستان کا شمار ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حیدر آباد میں بھی اچھے تعلیمی ادارے اور اسپتال بنیں گے، یہاں بجلی کا نظام ہم ٹھیک کر رہے ہیں، موٹر وے کراچی سے حیدر آباد پہنچ رہی ہے، یہاں میٹرو بس بھی لائیں گے۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان میں لوڈشیڈنگ کم ہوگئی ہے اور اگلے سال ختم ہوجائے گی ،انہوں نے حیدرآباد کے غریب شہریوں کے لیے ہیلتھ کارڈ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس اسکیم کی انچارج مریم نواز کے ساتھ خود کارڈ تقسیم کرنے آئیں گے۔

مزید خبریں :