پاکستان
27 مارچ ، 2017

مولا بخش چانڈیو ن لیگ پر برس پڑے

مولا بخش چانڈیو ن لیگ پر برس پڑے

پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو بھی ن لیگ پر برس پڑے،ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے اعلانات بدنیتی پر مبنی ہیں، ان کی کوئی اہمیت نہیں۔

پی پی رہنما مولا بخش چانڈیو نے حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ وفاق سندھ کے بنیادی مطالبات پورے کرے، الیکشن قریب آنے پر انہیں سندھ یاد آیا ہے، کراچی اور حیدر آباد کا کچرا اب نظر آرہا ہے، یہ چار سال سے کہاں تھے۔

انہوں نے کہا کہ بدنیتی پر کیے گئے اعلانات کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی، آپ اپنے دونوں ادوار میں یہاں کیوں نہیں آئے، بس ایک بار آئے وہ بھی فساد پھیلانے،سندھ کے بنیادی مطالبات پورے کریں۔

مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ جیسے جیسے انتخاب آئیں گے، حیرت انگیز اتحاد بنیں گے،میاں صاحب پچھلے انتخاب میں جو اتحادی بنائے تھے وہ کہاں ہیں، جب بھی وزیراعظم آئے، وزیراعلیٰ خود استقبال کے لیےجاتے ہیں،جب بے نظیر بھٹو وزیراعظم تھیں تو پنجاب میں ان کا رویہ کیا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے یونیورسٹی کی بات سیاسی کی ہے، ہم توہر دور میں کاغذی شیرکے سامنے کھڑےرہے، مسلم لیگ ضیاءالحق کےساتھ تھی ، ہم جب بھی اس کےخلاف تھے۔

مولا بخش چانڈیو نے یہ بھی کہا کہ آصف زرداری پر تنقید کرنا ن لیگ کو زیب نہیں دیتا، شریک چیئرمین پورے پاکستان میں جلسے کرکے دکھائیں گے، کوئی احسان فراموشی کرناچاہے تو کرلے۔

مزید خبریں :