پاکستان
28 مارچ ، 2017

ماضی میں بغیر ویزے گھومنے والے غیر ملکی پکڑے گئے: چوہدری نثار

ماضی میں بغیر ویزے گھومنے والے غیر ملکی پکڑے گئے: چوہدری نثار

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارکا کہنا ہے کہ ماضی میں پاکستان کے مختلف مقامات سے بغیر ویزے گھومنے والے غیر ملکی پکڑے گئے،گوادر اور لاہورسمیت کئی علاقوں میں پکڑے گئے غیرملکی چھوڑ بھی دیئے گئے۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ بطور اپوزیشن لیڈر بلیک واٹر پر تقریر کی تو سابق وزیرداخلہ نے جواب کا وعدہ کیا، پر جواب نہ دیا۔

چوہدری نثار کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان میں اب ایئرلائنز کو مادر پدر آزادی نہیں ہے، سب پر جرمانے کیے،بیرونِ ملک سفیر کو پاکستان کی اجازت کے بغیر ویزا جاری کرنے کے اختیار کا 2014ء کا نوٹیفیکیشن معطل کردیا۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے غیرملکی ویزے کے بغیر پاکستان میں داخل ہوجاتے تھے، اب ایسانہیں ہے،آن لائن ویزا سسٹم کے بعد پاکستانی ویزے کی درخواست دینے والا شخص ملکی اداروں کے سامنے ہوگا،وزیراعظم سے آن لائن ویزے اور امیگریشن کو ایف آئی اے سے الگ کرنے کی منظوری لے چکا ہوں۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کچھ وقت ضرور لگا ہے، لیکن آج کہہ سکتا ہوں کہ پاکستان ’بنانا ری پبلک‘نہیں ہے،اب جو بھی پاکستان آتا ہے وہ سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد ہی آتا ہے،اب کسی کوجرات نہیں کہ غیرملکیوں سےجہازبھرکرپاکستان بھیج دے،دستاویزات نامکمل ہونے کے باعث ڈین جونز اور شرمیلا ٹیگور کو واپس کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ویب سائٹ پر جو توہین آمیز مواد دیکھا وہ کوئی بھی دیکھے گا تو وائلنٹ ہوجائے گا،توہین آمیز مواد صرف پاکستان کا نہیں عالمِ اسلام کا مسئلہ بھی ہے، اس مسئلے پر طارق فاطمی نے عرب لیگ کو اور سرتاج عزیز نے اوآئی سی سیکریٹری جنرل کو خط لکھا ہے۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ پہلے فیس بک والے جواب ہی نہیں دیتے تھے، اب انہوں نے اپنے نمائندے کو پاکستان بھیجنے کا وعدہ کیا ہے، فیس بک نےہمارےسفیر کے ذریعے ہمیں خط بھیج کر بتایا کہ انہوں نے 62پیجز کو بلاک کردیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ناموسِ رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کے بغیر ہمارا ایمان مکمل نہیں ہوتا، ویب سائٹ پر توہین آمیز مواد کی غلاظت اظہار رائے کی آزادی نہیں بلکہ اس کا مقصد اسلام کی تضحیک کرنا ہے۔

سابق صدر آصف زرداری کے متعلق وزیر داخلہ نے کہا کہ چکری میں آصف زرداری کو سیکیورٹی دیں گے، آنا چاہیں تو چائے پر گھر بھی بلاسکتے ہیں،یقین دلاتا ہوں کہ اگلے انتخابات میں چکری سے پیپلزپارٹی کے امیدوار کی ضمانت ضبط ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ میری پیپلز پارٹی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے، انہیں کچھ نہیں ملتا تو ذاتیات پر اتر آتے ہیں، آصف زرداری سے اختلافات ان کے اپنے اقدامات کی وجہ سے ہیں۔

مزید خبریں :