پاکستان
28 مارچ ، 2017

سی اے اے لیگل فرم کی نا اہلی ،آؤٹ سورسنگ کے ٹینڈر نہ کھل سکے

سی اے اے لیگل فرم کی نا اہلی ،آؤٹ سورسنگ کے ٹینڈر نہ کھل سکے

طارق ابوالحسن...سول ایوی ایشن اتھارٹی کی مقرر کردہ لیگل فرم کی نااہلی اور ناتجربہ کاری کی وجہ سے کراچی، لاہور اور اسلام آباد ایرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کے ٹینڈر بروقت نہ کھل سکے۔

لیگل کمپنی کی تیار کردہ قانونی دستاویزات نقل شدہ ہونے پر ڈائریکٹر جنرل سی اے اے کو حکومت کے سامنے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا، تاہم ایوی ایشن ڈویژن کا کہنا ہے کہ پیش کش دینے کی تاریخ میں توسیع خواہش مند کمپنیوں کی درخواست پر کی گئی ہے۔

حکومت کی ہدایت پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں واقع ملک کے تین بڑے ایئرپورٹس کی آؤـٹ سورسنگ کے اشتہارات 7 فروری کو شائع کرائے، پیشکش دینے کی آخری تاریخ 25 مارچ تھی، اس دوران سی اے اے کی مقرر کردہ لیگل فرم کو ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کا معاہدہ اور دیگر قانونی دستاویزات تیار کرنا تھی،مبینہ طورپر لیگل فرم کا تیار کردہ کنٹریکٹ کا مسودہ پی ٹی سی ایل اور کے ای ایس سی کی نج کاری کے قانونی مسودہ کا چربہ تھا۔

تقریباً5کروڑ روپے فیس لینے والی کمپنی نے پی ٹی سی ایل اور کے ای ایس سی کی نج کاری کے معاہدے سے نقل کرکے ایئر پورٹس کی آؤٹ سورسنگ کی دستاویزات تیار کیں، یہ دستاویزات جب اعلیٰ سطح کا اجلاسوں میں پیش ہوئیں تو ڈائریکٹر جنرل سی اے اے کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد پیش کش جمع کرانے کی تاریخ میں 24 مئی تک توسیع کردی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کنٹریکٹ کا مسودہ تیار کرنے والی لیگل فرم کے پاس ایوی ایشن بزنس کانٹریکٹ ااور لاء کا کوئی تجربہ نہیں۔

سی اے اے نے اپنا لیگل ڈپارٹمنٹ ختم کر دیا جبکہ ایوی ایشن بزنس کے معاہدوں میں مہارت رکھنے والے افسران کو غیر متعلقہ کاموں پر لگادیا ہے۔

ایوی ایشن ڈویژن کے ایک اعلیٰ افسر نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو میں اصرار کیا کہ پیشکش جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع خواہش مند کمپنیوں کی درخواست پر کی ہے تاکہ یہ کمپنیاں بہتر تیاری کے ساتھ بولی میں شریک ہوں، تاہم اس افسر کا کہنا تھا کہ لیگل فرم کی تیار کردہ دستاویزات کا جائزہ لے کر خامیاں دور کردی جائیں گی۔

مزید خبریں :