دنیا
29 مارچ ، 2017

جوہری ہتھیاروں پر پابندی کیلئے یو این مذاکرات شروع

جوہری ہتھیاروں پر پابندی کیلئے یو این مذاکرات شروع

100سے زائد ممالک نے جوہری ہتھیاروں پر قانونی طور پر پابندی عائد کرنے کے حوالے سے پہلے یو این مذاکرات کا آغاز کردیا ہے۔ واشنگٹن سمیت درجن سے زائد ممالک نے مذاکرا ت میں شرکت سے انکار کردیا ہے ۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کانفرنس کے آغاز سے قبل اقوام متحدہ کےلئے امریکی سفیر نکی ہالے نے موجودہ عالمی سیکیورٹی خدشات کی روشنی میںمذکورہ تجویز کو مسترد کرنے کیلئے آواز بلند کی ہے۔

دنیا کی سب سے بڑی جوہری طاقت کی نمائندگی کرنے والی نکی ہالے نے اجلاس کے موقع پر کہا کہ کیا کوئی ہے جو اس بات پر یقین رکھتا ہو کہ شمالی کوریا جوہری ہتھیاروں کی پابندی پر راضی ہوجائیگا؟۔

یہ باتیں انہوں نے مذاکرات کا بائیکاٹ کرنے والے20 کے قریب امریکی اتحادی ممالک کے سفیروں کے گروپ سے کی ،جس میں برطانیہ، فرانس، جنوبی کوریا،ترکی اور مشرقی یورپ کے کچھ ممالک شامل ہیں۔

اس موقع پر ہالے نے تخمینہ لگایاکہ قریب 40ممالک جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت نہیں کر رہے، جوہری ہتھیاروں پر پابندی کے خواہشمند ممالک میں آسٹریا، آئرلینڈ، میکسیکو ، برازیل ، جنوبی افریقہ اور سوئیڈن شامل ہیں۔اس سلسلے میں چین ، بھارت اور پاکستان نے اپنے رائے دینے سے احتراز کیا تھا۔

مزید خبریں :