کھیل
29 مارچ ، 2017

اسپاٹ فکسنگ کیس ،محمد عرفان پر ایک سال کی پابندی عائد

اسپاٹ فکسنگ کیس ،محمد عرفان پر ایک سال کی پابندی عائد

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر فاسٹ بالر محمد عرفان پر ایک سال کے لیے پابندی لگا دی، جرمانے کی ادائیگی اور شرائط کی پاسداری کرنے پر پابندی میں 6ماہ کی کمی کر دی جائے گی۔

فاسٹ بالر محمد عرفان پر پابندی کی تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں، اس حوالے سے محمد عرفان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں اینٹی کرپشن یونٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ کرنل اعظم نے مزید بتایا کہ شرائط میں 6ماہ تک اینٹی کرپشن کوڈ کی مزید خلاف ورزی نہ کرنا، تفتیش میں تعاون اور اینٹی کرپشن لیکچر کا حصہ بننا شامل ہے،10لاکھ روپے جرمانے کے ساتھ محمد عرفان کا 6ماہ تک سینٹرل کنٹریکٹ بھی معطل رہے گا۔

پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ پابندی کی صورت میں محمد عرفان چیمپئنز ٹرافی نہیں کھیل سکیں گے،ان کی 6ماہ تک کی معطلی بغیر کسی تنخواہ کے ہوگی، پانچ لاکھ روپے کے حساب سے انہیں 30 لاکھ روپے کا نقصان ہوگا، پی سی بی کی معاونت کرنے پر اگلے 6ماہ وہ کرکٹ کھیل سکیں گے۔

پابندی کی شرائط طے ہونے کے بعد پریس کانفرنس میں محمد عرفان نے اعتراف کیا کہ ان سے دو بار رابطہ کیا گیا جس سے بورڈ کو آگاہ نہ کرنا ان کی غلطی ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے رابطہ کرنے والوں کو شٹ اپ کال دی اور کوئی کرپشن نہیں کی تاہم وہ اپنی غلطی تسلیم کرتے ہیں اور پاکستانی قوم سے معافی مانگتے ہیں۔

مزید خبریں :