کھیل
07 اپریل ، 2017

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ون ڈے آج کھیلا جائے گا

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ون ڈے آج کھیلا جائے گا

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آغاز جمعے سے ہورہا ہے اور یہ سیریز عالمی کپ میں جگہ بنانے کے لیے دونوں ٹیموں کے لیے اہم ہے تاہم ویسٹ انڈیز کے بیشتر کھلاڑی اس وقت انڈین پریمیئر لیگ کھیلنے میں مصروف ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے اکثر بڑے نام جیسے کرس گیل، سنیل نارائن، لینڈل سمنز، کارلوس بریتھ ویٹ، ڈیرن براوو، ڈیرن سیمی اور کیرون پولارڈ جیسے کھلاڑی انڈین پریمیئر لیگ میں شرکت کیلئے بھارت میں موجود ہیں ۔

پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے جارج ٹائون گیانا میں پہلے ون ڈے انٹر نیشنل میں بیٹسمین محمد حفیظ اور فاسٹ بولر محمد عامر کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پورٹ آف اسپین میں آخری میچ میں جو گیارہ کھلاڑی اتارے تھے اس ٹیم میں دو تبدیلیاں ہوں گی۔ حفیظ ، فخر زمان جبکہ محمد عامر ، رومان رئیس کی جگہ لیں گے۔

پہلے ون ڈے کے لئے پاکستان کے گیارہ کھلاڑیوں میں سرفراز احمد (کپتان) کامران اکمل، احمد شہزاد، محمد حفیظ، بابر اعظم، شعیب ملک، عماد وسیم، شاداب خان، وہاب ریاض، محمد عامراور حسن علی شامل ہیں جبکہ اسکواڈ میں شامل آصف ذاکر، فہیم اشرف، محمد اصغر، فخر زمان کو پہلے میچ میں موقع نہیں دیا جائے گا۔

میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا۔ سائمن فرائے اور جو ولسن امپائر ہوں گے۔تینوں ون ڈے میچز پرویڈنس اسٹیڈیم ، جارج ٹاؤ ن گیانا میں کھیلے جائیں گے۔

 

مزید خبریں :