پاکستان
23 اپریل ، 2017

اب مطالبات نہیں فیصلے کا وقت ہے، فاروق ستار

اب مطالبات نہیں فیصلے کا وقت ہے، فاروق ستار

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے اب مطالبات کا نہیں فیصلے کا وقت ہے،وڈیروں اور پیپلزپارٹی کے احتساب کا آغاز ہورہاہے، لندن میں بیٹھے لوگوں کے کراچی اور لندن میں گھر دیکھیں ، آپ کو فرق نظر آجائے گا ۔

نمائش چورنگی پر ریلی سے خطاب میں فاروق ستار نے کہا کہ آج 1986ء والی ریلی نکال کر دکھادی ہے،آئندہ الیکشن میں پہلے سے زیادہ سیٹیں لیں گےاگر مردم شماری صحیح ہوتی تو اگلا وزیراعظم کراچی سے ہوگا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے تحت لیاقت آباد سے حقوق ریلی نکالی گئی ،جس میں نوجوانوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، شرکاء تین ہٹی ،گرومندر سے ہوتے ہوئے نمائش چورنگی پہنچے۔

اپنے خطاب میں فاروق ستار نے مزید کہا کہ وہ سندھ کے شہری عوام کا مقدمہ لڑرہے ہیں، جس میں تمام اکائیاں ہیں ،وہ آج 140 اے کے تحت اختیارات کے لئے باہر نکلے ہیں ۔

ان کا کہناتھاکہ اگر انہیں شہداء کا سودا کرنا ہوتا تو انہیں 7 ماہ پہلے نائن زیرو مل جاتا، انہیں ابھی ذراسی اسپیس ملی ہے، جس میں ریلی نہیں ریلا نکالا گیا، وہ شہری علاقوں کے ساتھ ہاری اور کسانوں کو بھی آزادی دلائیں گے۔

پارٹی کے سینئر ڈپٹی کنونیئر عامر خان نے کہا کہ پہلے مردم شماری میں ہمیں کم دکھایا گیا، اگر اب ہماری تعداد کو کم دیکھایا گیا تو ایسا احتجاج کریں گے کہ دنیا دیکھے گی۔

خالد مقبول صدیقی نے آصف زرداری پر تنقید کی اور کہا کہ بے نظیر بھٹو کہتی تھیں جمہوریت بہترین انتقام ہے، ان کے شوہر نے عوام سے خوب انتقام لیا ہے ۔

انہوں نے مزید کہاکہ آصف زرداری نے عوام سے زیادہ پارٹی سے انتقام لیا ،آج شہر میں 3 ریلیاں نکلیں، جن میں سے دو رنگ رلیاں تھیں۔

وسیم اخترنے میئر کے لئے اختیارات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جو اپنا گھر لاڑکانہ نہیں بناسکے وہ کراچی میں کیا کرینگے ۔

مزید خبریں :