خصوصی رپورٹس
25 اپریل ، 2017

رنبیر کپورکی” جگا جاسوس “میں 29گانے؟

رنبیر کپورکی” جگا جاسوس “میں 29گانے؟

رنبیر کپور کیلئے ایک اچھی خبر، ان کی فلم ”جگا جاسوس“کے سامنے سے سری دیوی کی ”مُام“ہٹ ہوگئی ہے۔ اب رنبیر کا مقابلہ صرف شاردھا کپور کی ”حسینہ “ سے ہوگا۔

”بچنا اے حسینو“ والاوقت تو اب رنبیر کیلئے ختم ہوچکا۔کپور خاندان کے چشم و چراغ”سانوریا“کا کیریر سنبھل ہی نہیں پارہا۔رنبیر کپور کواسکرین پر ”بے شرم“ بننا اتنا بھاری پڑا کہ وہ آج تک اس کی قیمت ادا کر رہے ہیں لیکن رنبیر کیلئے دوسری اچھی خبر یہ ہے کہ ان کا ’منا بھائی‘،’ تھری ایڈیٹس‘ اور’ پی کے‘ کے ڈائریکٹر راج کمار ہیرانی کی فلم میں سنجے دت کا کردار ابھی سے مقبول ہوگیا ہے۔

’جگا جاسوس‘ میں رنبیر کے ساتھ ہیں ان کی نہیں سلمان کی کترینا ،رنبیر اور کترینا کی دوستی(افیئر) سے فلم کو اتنا فائدہ نہیں ہوا جتنا دونوں کی لڑائی کے بعد اب نقصان ہورہا ہے ۔

’جگا جاسوس‘ تین سال سے بن رہی ہے ،یہ پروجیکٹ چار سال پہلے ”اناوٴنس“ ہوا تھا۔اُس وقت رنبیرہٹ نہیں سپر ہٹ تھے۔کترینا اور رنبیر کی ”عجب پریم کی گجب کہانی“ بھی سپر ہٹ ہوئی تھی اور دونوں ایک ساتھ ہی رہتے تھے۔کترینا رنبیر کی ”راج نیتی “ کی دیوانی تھی۔راج نیتی نام کی فلم میں بھی دونوں ایک ساتھ ہی آئے تھے۔یعنی ’جگا جاسوس‘ میں دونوں کی جوڑی کی مسلسل تیسری فلم کی کامیابی یقینی تھی۔لیکن اب شاید ایسا ہونا نا ممکن تو نہیں لیکن مشکل ضرور ہوگیا ہے۔

’جگا جاسوس‘ رنبیر کپور کی ہٹ فلم ”اے دل ہے مشکل“ کے بعد ریلیز ہورہی ہے۔’اے دل ہے مشکل‘ کو رنبیر سے زیادہ شاہ رخ کی مہمان اینٹری،ایشورایہ کے ”بولڈ اینڈ بیوٹی فل“ اداکاری ،پریتم کے سریلے میوزک اور سب سے بڑھ کر فواد خان پر ہوئے تنازع سے ہٹ فلم کا اسٹیٹس ملا، ورنہ یہ فلم رنبیر کپور کی مسلسل پانچویں فلاپ فلم ہوتی۔

’جگا جاسوس‘ سے پہلے فلم کے ہدایت کارانوراگ باسو اداکاررنبیر کے ساتھ ہی ”برفی“ جیسی سپر ہٹ فلم بناچکے ہیں۔’برفی‘ سے ہی رنبیر کپور نے ”راک اسٹار“ کے بعد مسلسل دوسرے سال بہترین اداکار کا ایوارڈ جیتا تھا۔رنبیر کپور اپنے دس سالہ فلمی کیریئر میں بہترین نئے اداکار، بہترین اداکار اور بہترین اداکار(کریٹکس ایوارڈ) سمیت پانچ فلم فیئر ایوارڈ اپنے نام کرچکے ہیں۔

’جگا جاسوس‘ میں انوراگ باسو اور پریتم کی ڈائریکٹر اور میوزک ڈائریکٹر کی بھی کامیاب جوڑی موجود ہے۔دونوں ’جگا جاسوس‘ سے پہلے برفی،گینگسٹراور’لائف ان اے میٹرو‘ جیسی کامیاب میوزیکل ہٹ فلمیں دے چکے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فلم میں دس یا بارہ گانے نہیں بلکہ 29گانوں کی اطلاعات ہیں۔’جگا جاسوس‘ کاٹریلر چار ماہ پہلے آیاتھا لیکن اب تک اس فلم کے ٹریلر کو صرف 2کروڑ لوگوں نے ہی دیکھا ہے۔اس کی سب سے بڑی وجہ ٹریلرمیں کسی بھی گانے کی غیر حاضری ہے۔

ٹریلر میں رنبیر کپور اور کترینا کی کیمسٹری بھی زبردست جمی ہے لیکن ان دونوں کی کیمسٹری سے زیادہ ٹریلر میں”زولوجی“ ہے ۔ہر تھوڑی دیر بعد ٹریلر میں ایک نیا جانور دکھتا ہے۔ہاتھی،شیر ،چیتا اور شتر مرغ سب کچھ تو ہے فلم کے ٹریلر میں۔فلم میں رنبیر نے ہوائی جہاز بھی اڑایا ہے اورشتر مرغ بھی۔فلم میں رنبیر کپور نے چلتی ٹرین پر دوڑ بھی لگائی ہے اور ٹارزن کی طرح رسی کے ذریعے چھلانگیں بھی۔

رنبیر کے کردار کا ”لُک“بہت”کیوٹ“ دکھایا گیا ہے۔برفی کی طرح’ جگا جاسوس‘ کی سنیما آ ٹو گرافی بھی دوسری فلموں سے مختلف اور زبردست ہے۔فلم کی لوکیشن بھی بہت خوبصورت ہیں۔فلم واقعی سینما میں دیکھنے والی لگ رہی ہے۔فلم کا بجٹ 80کروڑ ہے یعنی کم سے کم ہٹ ہونے کیلئے بھی فلم کو 120کروڑ کا بزنس کرنا ہوگا۔

فلم کے ٹریلر میں بچوں اور فیملی کو ٹارگٹ کیا گیا ہے، فلم ریلیز بھی اسکول کی چھٹیوں کے دوران ہوگی۔اتنی پوزیٹو چیزوں کے باوجود فلم کی وہ ”ہائپ“ نہیں بن رہی جو بننی چاہیے تھی۔

اگر سری دیوی کی ”مُام“ اس فلم کے ساتھ ریلیز ہوتی تو ’جگا جاسوس ‘کا باکس آفس کے سمندر پر ڈوبنا طے تھا۔ جگا جاسوس کو لوگوں نے ”بوبی جاسوس“ سے بھی ملایا ۔’بوبی جاسوس‘ ودیا بالن کی فلم تھی جو بری طرح ناکام ہوئی۔جگا کی کہانی کیا ہے یہ ابھی تک ایک ”سر پرائز“ ہے۔فلم کا ٹریلر چار ماہ پہلے ریلیز ہوا ، فلم بھی تین سال سے بن رہی ہے لیکن اس فلم کی کہانی ابھی تک ایک راز ہے ۔یہی”تجسس“ کا فیکٹر فلم کیلئے بڑا کام کرسکتا ہے۔

’جگا جاسوس‘ میں”کہانی“ کے سفاک ٹارگٹ کلر”باب بسواس“ بھی نظر آئے ہیں۔بنگالی فلموں کے سپر اسٹار سسوتا چٹرجی کو حیر ت انگیز طور پر فلم ’کہانی‘ کے بعد اب ہندی فلم ملی ہے۔یعنی ایکٹنگ کے پاور ہاوٴس کو بالی وڈ میں بری طرح نظر انداز کردیا گیا۔

فلم میں ان کا کرداررنبیر کے پاپا کا ہے جنھیں شاید رنبیر ڈھونڈ رہے ہیں لیکن انھی کا ایک اور انداز بھی ٹریلر میں دکھایا گیا ہے جو شاید فلم کے ولن کا بھی ہوسکتا ہے۔رنبیر کی’ جگا جاسوس ‘کا نتیجہ تو 14جولائی کو آئے گالیکن رنبیر ابھی سے خوش ہیں کیونکہ وہ تمام لوگ جو سمجھ رہے تھے کہ رنبیر اسکرین پر سنجے دت بن ہی نہیں سکتے وہ اب ہار مان چکے ہیں۔

رنبیر کپور کی بطور سنجے دت پہلی ہی جھلک نے سب کو اپنا دیوانہ بنالیا ہے۔راجکمارہیرانی کی سنجے دت کی کہانی پر بننے والی فلم کا ٹائٹل کیا ہوگا یہ تو ابھی تک طے نہیں ہوا لیکن فلم کی شوٹنگ تیزی سے جاری ہے۔اب لوگوں کو بھروسہ ہے کہ راج کمار ہیرانی پاریش راول کو بھی اسکرین پر سنیل دت بنا ہی دیں گے۔جی ہاں!پاریش راول فلم میں سنیل دت کا کردار نبھا رہے ہیں۔

منیشا کوئرالہ کی بھی فلموں میں واپسی ہوئی ہے۔ وہ فلم میں رنبیر یعنی سنجے دت کی امی یعنی نرگس یعنی پاریش راول کی بیوی کا کردار نبھا رہی ہیں۔

ابھی سرپرائز اور بھی باقی ہیں جناب!فلم میں سنجے کی تیسری اور موجودہ بیوی مانیاتاکا کردار دیا مرزا اور محبوبہ مادھوری ڈکشت کا کردار کرشمہ ٹنا ادا کر رہی ہیں۔

سنجے دت کی بطور ہیرو پہلی فلم” راکی“ کی ہیروئن ٹینا منیم کا کردار سونم کپور کو سونپا گیا ہے۔’جگا جاسوس‘ کا تو پتا نہیں لیکن سنجے دت پر بننے والی فلم کے بعد رنبیر ضرورسنجے کی فلم ”راکی“ کا ایک گانا دل سے اور بلند آواز سے گا سکیں گے اور وہ گانا ہے ”آ دیکھیں ذرا کس میں کتنا ہے دَم“

مزید خبریں :