کھیل
25 اپریل ، 2017

آئی سی سی ٹرافی: پاکستان ٹیم کے 15کھلاڑیوں کی فہرست تیار

انگلینڈ میں یکم جون سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا میلہ لگ رہا ہے، ون ڈے کرکٹ کی 8 بہترین ٹیموں کے اس ٹورنامنٹ کو منی ورلڈ کپ بھی کہا جاتا ہے، ٹورنامنٹ کے لئے میزبان انگلینڈ ورلڈ چیمپئن، آسڑیلیا ، جنوبی افریقا ، نیوزی لینڈ ، سری لنکا اور بنگلہ دیش نے اپنے پندرہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔

ادھر قومی سلیکشن کمیٹی نے کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد کے ساتھ مشاورت مکمل کر لی ہے اور 15کھلاڑیوں کے ناموں کی فہرست پی سی بی نے آئی سی سی کو بھیج بھی دی ہے، البتہ ابھی دیگر ملکوں کی طرح اسکواڈ کا حتمی اعلان نہیں ہوا۔

پاکستان کی آئی سی سی کو بھیجی گئی ٹیم میں عمر اکمل کی واپسی ہوئی ہے،جنہیں سلیکشن کمیٹی نے دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے منتخب نہیں کیا تھا،البتہ ان کے بھائی کامران اکمل ٹیم میں جگہ برقرار نہ رکھ سکے۔

سابق کپتان اظہر علی کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، ویسٹ انڈیز میں ون ڈے سیریز دو ایک سے جیتنے والی پاکستان ٹیم سے کامران اکمل ، آصف ذاکر اور محمد اصغر کو ڈراپ کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کے 15ممکنہ کھلاڑیوں میں سرفراز احمد (کپتان)، اظہر علی، احمد شہزاد، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، عمر اکمل، شاداب خان، عماد وسیم، فخر زمان، فہیم اشرف، محمد عامر، حسن علی، وہاب ریاض اور جنید خان شامل ہیں۔

مزید خبریں :