کھیل
25 اپریل ، 2017

کنگسٹن ٹیسٹ،پاکستان کو فتح کیلئے32رنز کا ہدف

کنگسٹن ٹیسٹ،پاکستان کو فتح کیلئے32رنز کا ہدف

کنگسٹن میں کھیلے جانے والے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان فتح کے قریب پہنچ گیا اور اسے میچ میں کامیابی کےلئے32رنز کا ہدف ملا ہے۔

پانچویں روز کا کھیل جب شروع ہوا تو ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری نا مکمل اننگز 4 وکٹوں کے نقصان پر 93رنز سے شروع کی، اسے پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 28 رنز درکار تھے، لیکن میزبان ٹیم کی وکٹیں وقفے وقفے سے گر تی رہیں اور پوری ٹیم 152رنز کے مجموعے پر ڈھیر ہو گئی۔

کیرن پائول49،شمرون ہیٹمائر20،بریتھ ویٹ اور جیسن ہولڈر14،14 جبکہ روسٹن چیز16 اور بشو18رنز کی مزاحمت کر سکے باقی کوئی بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔

میچ کے آخری روز پاکستانی بولرز نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا، خاص طور پر یاسر شاہ نے شاندار کارکردگی پیش کرتے ہو ئےویسٹ انڈیز کے6 بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دکھائی، انہوں نے مجموعی طور پر21 اعشاریہ 4 اوورز میں63 رنز کے عوض 6وکٹیں حاصل کیں، محمد عباس نے 2 جبکہ وہاب ریاض اور محمد عامر کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آسکی۔

اس سے پہلے اپنی پہلی اننگز میں پاکستان کی ٹیم 407 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور ویسٹ انڈیز کے خلاف 121 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔ ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 286 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کی جانب سےکپتان مصباح الحق نے 99 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور وہ نا قابل شکست رہے ۔بابر اعظم 72، یونس خان58 اور سرفراز احمد 54 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ احمد شہزاد 31 ، اسد شفیق22، اظہر علی 15 ،عامر 11، وہاب ریاض 9 ، یاسر شاہ 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے گیبریئل اور جوزف نے تین، تین جبکہ جیسن ہولڈر،بشو اورروسٹن چیز نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید خبریں :