کھیل
25 اپریل ، 2017

کنگسٹن ٹیسٹ ،ویسٹ انڈیز کیخلاف پاکستان 7وکٹ سے فاتح

کنگسٹن ٹیسٹ ،ویسٹ انڈیز کیخلاف پاکستان 7وکٹ سے فاتح

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو7وکٹ سے شکست دے کر کنگسٹن ٹیسٹ میچ میں فتح حاصل کر کے 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں برتری حاصل کر لی ہے، دوسرا ٹیسٹ 30اپریل سے برج ٹائون بارباڈوس میں کھیلا جائے گا۔

کنگسٹن ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز پاکستان کوکامیابی کےلئے 32رنز کا ہدف ملا، لیکن معمولی ہدف کے حصول میں بھی پاکستان کو 3 وکٹوں کا نقصان اٹھا نا پڑا،اظہرایک، یونس خان اور احمد شہزاد 6,6رنز بناکر پویلین لوٹ گئے،بابر اعظم 9 اورکپتان مصباح الحق 2 چھکوں کی مدد سے 12رنز بنا کر نا قابل شکست رہے،وہ پہلی اننگز میں بھی 99رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

پانچویں روز کا کھیل جب شروع ہوا تو ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری نا مکمل اننگز 4 وکٹوں کے نقصان پر 93رنز سے شروع کی، اسے پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 28 رنز درکار تھے، لیکن میزبان ٹیم کی وکٹیں وقفے وقفے سے گر تی رہیں اور پوری ٹیم152رنز کے مجموعے پر ڈھیر ہو گئی۔

کیرن پائول49،شمرون ہیٹمائر20،بریتھ ویٹ اور جیسن ہولڈر14،14 جبکہ روسٹن چیز16 اور بشو18رنز کی مزاحمت کر سکے باقی کوئی بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔یوں پاکستان کو میچ میں فتح کیلئے32رنز کا معمولی ہدف ملا ہے۔

میچ کے آخری روز پاکستانی بولرز نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا، خاص طور پر یاسر شاہ نے شاندار کارکردگی پیش کرتے ہو ئےویسٹ انڈیز کے6 بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دکھائی، انہوں نے مجموعی طور پر21 اعشاریہ 4 اوورز میں63رنز کے عوض 6وکٹیں حاصل کیں، وہ مین آف دی میچ بھی رہے، محمد عباس نے2جبکہ وہاب ریاض اور محمد عامر کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آسکی۔

اس سے پہلے اپنی پہلی اننگز میں پاکستان کی ٹیم 407رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور ویسٹ انڈیز کے خلاف 121 رنز کی برتری حاصل کی تھی ۔ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 286 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کی جانب سےکپتان مصباح الحق نے 99 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور وہ نا قابل شکست رہے۔بابر اعظم 72، یونس خان58 اور سرفراز احمد 54 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ احمد شہزاد 31 ، اسد شفیق22، اظہر علی 15 ،عامر 11، وہاب ریاض 9 ، یاسر شاہ 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے گیبریئل اور جوزف نے تین، تین جبکہ جیسن ہولڈر،بشو اورروسٹن چیز نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید خبریں :