کھیل
26 اپریل ، 2017

آئی سی سی کا اہم اجلاس آج سے شروع

آئی سی سی کا اہم اجلاس آج سے شروع

دبئی میں آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں بگ تھری کے خاتمے پر فیصلہ کن بات ہونی ہے لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ حکام آئی سی سی کے نئے مالیاتی نظام سے خوش نہیں ہیں۔

غیر ملکی ویب سائٹ کے مطابق جو ماڈل اس وقت زیر غور ہے اس میں آئی سی سی کی جانب سے بھارتی بورڈ کو290 ملین ڈالرز ملنا ہیں لیکن بھارتی بورڈنے رکن ملکوں سے مذاکرات میں کہا ہے کہ اسے570 ملین ڈالرز کا شیئر ملنا چاہیے یہ شیئر بگ تھری کے نظام میں بھارتی بورڈ کے لئے رکھا گیا تھا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ اپنے ملک کے اسپانسرز کی وجہ سے آئی سی سی میں بلیک میلنگ کررہا ہے۔

آئی سی سی کے چیئر مین ششانک منوہر نے بی سی سی آئی کو مزید ایک سو ملین ڈالرز دینے کی پیشکش کی تھی اس طرح اسے مجموعی طور چار سو ملین ڈالرز ملنا تھے۔

آئی سی سی میٹنگ میں بھارتی بورڈ کے سیکریٹری امیتابھ چوہدری بھی موجود ہوں گے جو بھارتی بورڈ کے سابق صدر سری نواسن کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ، نئی تبدیلی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بن جائے گا۔

اگر بھارتی بورڈ کو اس کی مرضی کا شیئر ملتا ہے تو باقی ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں میں 570ملین ڈالرز تقسیم ہوں گے۔

آئی سی سی بورڈ میٹنگ بدھ اور جمعرات کو ہوگی۔ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی شہریار خان کریں گے۔

امکان ہے شہریار خان بگ تھری کو ختم کرنے کے لئے اپنا پرانا موقف دہرائیں گے۔

مزید خبریں :