پاکستان
26 اپریل ، 2017

پیپلز پارٹی کا وفاقی حکومت کیخلاف کراچی میں دھرنا

پیپلز پارٹی کا وفاقی حکومت کیخلاف کراچی میں دھرنا

پیپلز پارٹی کے زیرانتظام کراچی میں مزار قائد کے سامنے بجلی، گیس کی لوڈشیڈنگ اور پانی کی غیر منصفانہ تقسیم پر وفاقی حکومت کے خلاف دھرنا دیا گیا ہے۔

احتجاج میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سابق وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ، مولا بخش چانڈیو، نثار کھوڑو، سعید غنی اور شیری رحمان سمیت مختلف رہنما پیش پیش رہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گو نواز گو کے نعرے لگادیے، وفاقی حکومت کے خلاف دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کو اس کے حصے کی گیس، بجلی اور پانی نہیں دیا جارہا، صرف تکلیفیں دی جارہی ہیں، سندھ کو حقوق ملنے اور نواز شریف کے استعفے تک احتجاج جاری رہے گا۔

اس موقع پر خطاب میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام کا اعتماد کھو دیا ہے اور اب تو اعلیٰ عدلیہ نے بھی انہیں جھوٹا قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سندھ کے لوگوں کو تکلیفیں دی ہیں، سندھ میں 18 سے 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے خطاب میں وفاق کی زیادتیاں گنوائیں، خبردار کیا کہ پیپلزپارٹی کا احتجاج وزیراعظم کے استعفے تک جاری رہے گا۔

سینیٹر سعید غنی نے اعلان کیا کہ پیپلزپارٹی یکم مئی کو نشتر پارک میں جلسہ کرے گی۔

احتجاجی دھرنے کے باعث گرو مندر، نمائش اور اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام رہا۔

مزید خبریں :