دنیا
27 اپریل ، 2017

پیروکاروں کی کوتاہیوں کو مذہب سے نہیں جوڑنا چاہئے، شیخ الازہر

پیروکاروں کی کوتاہیوں کو مذہب سے نہیں جوڑنا چاہئے، شیخ الازہر

مصر کی تاریخی دینی درسگاہ جامعہ الازہر کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر احمد الطیب نے کہا ہے کہ تمام مذاہب اخلاقیات کا درس دیتے ہیں، اس لئے پیروکاروں کی کوتاہیوں کو مذہب سے نہیں جوڑنا چاہئے۔

قاہرہ میں الازہر الشریف کے تحت بین الاقوامی امن کانفرنس اور مکالمے کا افتتاح کرتے ہوئے شیخ الازہر ڈاکٹر احمد الطیب نے کہا کہ اسلام آسمانی مذاہب کی آخری کڑھی تھی، ان مذاہب کے درمیان شرعی احکامات اور طریقہ کار میں اختلافات ضرور پائے جاتے ہیں تاہم پیغام وحدانیت کے اعتبار سے ان میں مکمل یکسانیت آج تک موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام میں فلسفہ امن کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اختلاف عقائد کے باوجود دوسرے مذاہب ماننے والوں کو تحفظ اور احترام دینے کا درس دیتا ہے۔

شیخ الازہر کا کہنا تھا اسلام نے غیر مسلموں کے ساتھ جنگیں کافر ہونے کی بنیاد پر نہیں لڑی تھیں بلکہ یہ دفاعی کاروائیاں تھی۔ یاد رہے کہ پاپائے روم فرانسس جمعے کے روز الازہر الشریف کی کانفرنس سے خطاب کرینگے۔

مزید خبریں :