دنیا
28 اپریل ، 2017

شمالی لندن اور کینٹ میں انسداد دہشتگردی آپریشن،4 افراد گرفتار

برطانیہ میں شمالی لندن اور کینٹ میں انسداد دہشتگردی کی جانب سے آپریشن کیا گیا ۔ برطانوی پولیس کے مطابق آپریشن میں4 افراد گرفتار کرلیے گئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ انسداد دہشتگردی اہلکاروں نے ہارلیسڈن روڈ پر واقع گھر پر چھاپا مارا تھا۔ آپریشن میں ایک 43سالہ خاتون پولیس کی گولی لگنے سے زخمی بھی ہوئیں، جن کو زخمی حالت میں حراست میں لے کر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

گرفتار افراد میں دو 20سال کے نوجوان، ایک 16سال کا لڑکا اور 43سال کی خاتون شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان پر دہشتگردی میں معاونت اور ترغیب کا الزام ہے۔

پولیس نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان کو ساؤتھ لندن پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔ آپریشن سے متعلق مزید کارروائیاں اور تحقیقات جاری ہیں اور آپریشن کا ویسٹ منسٹر گرفتاری سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

اس سے پہلے برطانوی پولیس نے لندن میں وائٹ ہال کے قریب ایک مشبہ شخص کو دہشتگردی کےالزام میں گرفتار کیا اور مبینہ طور پر اسکے قبضے سے چاقو بھرا بیگ برآمد کیا گیا تھا۔

پولیس کہتی ہے کہ جب یہ گرفتاری عمل میں آئی تو سڑک پر چاقو بھی دیکھے گئے اور واقعہ میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔ حراست میں لیے گئے مشتبہ شخص کی عمر 20 برس کے قریب بتائی گئی ہے۔

اسکاٹ لینڈ یارڈ نے واقعے کی تحقیقات دہشتگردی کے تناظر میں کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعظم کی رہائش گاہ کے قریب واقع وائٹ ہال میں کئی وزارتوں کے دفاتر بھی قائم ہیں، تاہم بعض عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حراست میں لیا گیا شخص مشتبہ دکھائی نہیں دیتا تھا۔

مزید خبریں :