دنیا
30 اپریل ، 2017

ایران سے نیوکلیئر معاہدہ، امریکا کیلئے نقصان دہ ہے،ٹرمپ

ایران سے نیوکلیئر معاہدہ، امریکا کیلئے نقصان دہ ہے،ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ نیوکلیئر معاہدہ ہمارے مفادات کے خلاف ہے کیونکہ یہ امریکی معیشت پر منفی اثر ڈال رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیاکے مطابق اپنی صدارت کے 100 دن مکمل ہونے پر پنسلوینیا کے شہر ہیرسبرگ کے ایک بڑے اسٹیڈیم میں انھوں نے ایک ریلی سے خطاب میں کہا کہ وہ امریکی مفادات کو نقصان پہنچانے والے معاہدے منسوخ کر دیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اوباما انتظامیہ نے بڑے پیمانے پر فسادی وراثت ہمارے حوالے کی ہے،اپنی حکومت کے ابتدائی ایام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے پہلے سو دن بہت زبردست اور نتیجہ خیز ثابت ہوئے ہیں۔ ہم آنے والے بڑے معرکوں میں بھی کامیاب ہو جائیں گے۔

صدر اوباما کے دور حکومت کا ذکر کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ سابقہ حکومت نے ملکی سرحدوں کے دفاع سے اغماض برتا اور فوج دوسرے ملک بھیجی جاتی رہی۔ اس تساہل کے باعث ہزاروں غیر قانونی تارکین وطن ہمارے ملک آ بسے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے سرحدی کنڑول اور سیکیورٹی کے معاملے میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے اپنے حامیوں کے پرجوش نعروں میں اعلان کیا کہ کہ وہ میکسیکو کی سرحد پر دیوار تعمیر کریں گے۔ دنیا کو ہمارا پیغام مل چکا ہے کہ ہم اپنی سرحدی پار کرنے والوں کو ٹھنڈے پیٹوں برداشت نہیں کریں گے۔

امریکی صدر کی تقریر سے قبل اجتماع میں موجود ایک شخص نے احتجاج کیا، اس پر صدر نے کہا کہ "اسے یہاں سے باہر نکالو" جس پر ریلی کے شرکا نے پھر بھرپور نعرے لگائے۔یاد رہے کہ جس وقت یہ تقریب جاری تھی اسی وقت واشنگٹن میں وائٹ ہاوس کے نامہ نگاروں کا سالانہ عشائیہ بھی ہوا اور صدر نے اس میں شرکت نہ کرنے پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔

مزید خبریں :