کاروبار
16 مئی ، 2017

گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال جاری، اجناس کے بحران کا خدشہ

گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال جاری، اجناس کے بحران کا خدشہ

گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے باعث کراچی کی بندرگاہ پر مختلف اقسام کی دالوں، مصالحوں، خشک دودھ، چائے کی پتی سمیت دیگر ضروری خوردنی اشیا کے ہزاروں کنٹینرز پھنس گئے۔

اگر ہڑتال مزيد دو روز جاری رہی تو رمضان میں اجناس کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے، گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال سے اندرون ملک بھی اشیائے خورونوش کی سپلائی شدید متاثر ہوئی ہے۔

آئندہ 2 روز میں ہڑتال ختم نہ ہونے کی صورت میں رمضان المبارک کے دوران اجناس کا بحران پیدا ہوسکتا ہے جس سے قیمتوں میں بھی اضافے کا خدشہ ہے۔

کراچی کی بندرگاہ پر صرف مسور، چنے کی دال، کابلی چنے کے 700 کے قریب کنٹینرز پھنسے ہوئے ہیں، جن میں چائے کی پتی، خشک دودھ، مصالحوں کے کنٹینرز ملاکر 2500سے زائد کنٹینرز میں ضروری خوردنی اشیاءہیں۔

ٹرانسپورٹ کی ہڑتال سے اندرون ملک بھی اشیائے خورد ونوش کی ترسیل بری طرح متاثر ہورہی ہے اور 95فیصد سپلائی معطل ہے،چھوٹی گاڑیوں کے ذریعے صرف 5 فیصد سپلائی کی جارہی ہے۔

ہڑتال ختم ہونے کے بعد بھی صورتحال معمول پر آنے میں 10سے 12دن لگ جائیں گے اس دوران رمضان شروع ہوجائیں گے اور اشیا کی سپلائی کم اور طلب زیادہ ہونے سے قیمتوں پر بھی اثر پڑے گا۔

پاکستان میں 90فیصد مصالحے درآمد کیے جاتے ہیں، ہڑتال سے پورٹ پر 200سے زائد مصالحوں کے کنٹینرز رکے ہوئے ہیں، ہڑتال جاری رہنے اور رمضان قریب آنے کی صورت میں سپلائی متاثر ہونے کاخدشہ ہے۔

مزید خبریں :