دلچسپ و عجیب
16 مئی ، 2017

مظفر گڑھ ،منشیات فروشوں کو سال بھر شہر کی صفائی کی سزا

مظفر گڑھ ،منشیات فروشوں کو سال بھر شہر کی صفائی کی سزا

مظفر گڑھ کی عدالت نے 2منشیات فروشوں کو انوکھی سزا سنادی ، مذکورہ منشیات فروشوں کو ایک سال تک شہر کی سڑکوں، گلیوں اور نالیوں کی صفائی کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔

مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں ایڈیشنل سیشن جج محمد فواد عارف نے منشیات کے مقدمہ کے دو مجرمان کو کمیونٹی سروس کے احکامات جاری کردیے۔

منشیات فروش قیصر عباس اور فیاض حسین کو ایک سال تک شہر کی سڑکوں، گلیوں اورنالیوں کی صفائی کرنے کا حکم دے دیا ۔

مجرم قیصر عباس اور فیاض حسین کو یہ سزا تحصیل علی پور میں ایڈیشنل سیشن جج محمد فواد عارف نے 15 اپریل کو سنائی تھی۔

عدالت نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کو سزا پر عمل درآمد سے متعلق ہر 15 دن بعد رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

دوسری جانب 15 اپریل کو آنے والے عدالتی فیصلے کو ایک ماہ ہوجانے کے باوجود بھی تھانہ سٹی علی پور کی پولیس تاحال لاعلم ہے۔

چیئرمین میونسپل کمیٹی علی پور سید غضنفر مرتضیٰ کے مطابق عدالتی فیصلہ چندروز قبل موصول ہوا ہے مگر دونوں مجرموں نے ان سے رجوع نہیں کیا اور اس بارے میں وہ عدالت میں رپورٹ جمع کرائیں گے۔

مزید خبریں :