-----

اسپاٹ فکسنگ کیس،محمد نواز پرایک ماہ کی پابندی

Spot Fixing Case Mohammad Nawaz Per Aik Maah Ki Pabandi

اسپاٹ فکسنگ کیس میں کرکٹرمحمد نواز پرایک ماہ کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق محمد نواز پر2 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیاہے، پابندی کا اطلاق 16مئی سے ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے موقع پر سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ ا سکینڈل میں ا س سے قبل کرکٹر محمد عرفان کو چھ ماہ کی پابندی کی سزا دی جا چکی ہے۔ جبکہ کرکٹرز شرجیل خان ، خالد لطیف اور شاہ زیب حسن کے کیس ٹریبونل کے سامنے ہیں۔

پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد نواز سے بھی سٹے بازوں سے رابطہ کیا تھا لیکن انہوں نے بھی اس پیشکش کو رپورٹ نہیں کیا تھا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے حکام کی جانب سے کہنے پر محمد نواز نے تاخیر سے رپورٹ کی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اینٹی کرپشن یونٹ کا کہنا ہے کہ محمد نواز کو سٹے بازوں کی پیشکش کی فوری رپورٹ کرنا چاہیے تھا۔

محمد نواز نے پی ایس ایل کے بعد پاکستان ٹیم کے ساتھ ویسٹ انڈیز کا دورہ کیا تھا ۔ وہ ون ڈے اور ٹی 20 ٹیم کا حصہ تھے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ محمد نواز کو نوٹس پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کے آرٹیکل4اعشاریہ3کے تحت جاری کیا گیا تھا۔

محمد نوازنے پاکستان کی جانب سے 3ٹیسٹ، 9ون ڈے اور 5ٹی ٹونٹی میچز کھیلے ہیں جبکہ پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرچکے ہیں۔