پاکستان
18 مئی ، 2017

کلبھوشن کا معاملہ عالمی عدالت کے دائرہ کار سےباہر ہے،دفترخارجہ

دفترخارجہ کا کہناہےکہ کلبھوشن کا معاملہ عالمی عدالت کے دائرہ کار سےباہر ہے، یہ پاکستان کی سلامتی کا معاملہ ہے۔ ہمارے قانونی ماہرین نے عالمی عدالت انصاف میں یہی نکتہ اٹھایاہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے رواں سال اعلامیہ آرٹیکل 36 کے تحت عالمی عدالت انصاف میں جمع کروایا اور ڈیکلئیریشن کے مطابق پاکستان چند معاملات میں عالمی عدالت انصاف کا دائرہ کار تسلیم نہیں کرتا۔کلبھوشن کا معاملہ بھی اسی کیٹیگری میں آتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی بے نقاب ہونے کے بعدبھارت کلبھوشن کے معاملے کو انسانی معاملہ بنا کر پیش کرنا چاہتا ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی بھارتی ریاستی دہشت گردی سے دنیا کی توجہ ہٹائی جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی انتہاپسندتنظیم آر ایس ایس مقبوضہ کشمیر میں تنظیم سازی کر رہی ہے۔ آر ایس ایس 5 لاکھ کشمیریوں کو قتل کر چکی ہے،اب مقبوضہ کشمیر میں آر ایس ایس کی کارروائیوں پر تشویش ہے۔

ترجمان نے افغانستان سے متعلق کہا کہ جب تک مسئلہ حل نہیں ہوتا پاک افغان بارڈر کھول دینا خطرے سے خالی نہیں ہو گا۔ پاک افغان مشترکہ سروے کے نتائج سے آگاہ نہیں ہوں، مسئلے کے حل کے لیے پاک افغان حکام رابطے میں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں امریکی و نیٹو افواج میں اضافہ افغان افواج کی صلاحیت بڑھانے کے لئے کیاہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے مسئلے کا حل مذاکرات و سیاسی بات چیت سے ہی ممکن ہے۔

 

 

مزید خبریں :