شہر شہر
19 مئی ، 2017

کراچی: رینجرز سرچ آپریشن میں 21ملزمان گرفتار، مقابلے میں ملزم ہلاک

کراچی: رینجرز سرچ آپریشن میں 21ملزمان گرفتار، مقابلے میں ملزم ہلاک

کراچی کے علاقے محمود آباد میں رینجرز نے سرچ آپریشن کےدوران 15افراد کو حراست میں لے لیا۔ قائدآباد میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا اور سعید آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا ہے۔

رینجرزحکام کےمطابق محمودآباد چنیسر گوٹھ میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی پر رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن کیا۔

گھرگھر تلاشی کے دوران 15افراد کو حراست میں لیکر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ آپریشن کے دوران متعدد موٹر سائیکلوں کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

قائد آباد میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک نامعلوم ملزم ہلاک ہوگیا، ملزم کے قبضے سے اسلحہ چھینے گئے موبائل فونز اور رقم برآمد کرلی گئی ہے۔ سعیدآباد میں ڈکیتی مزاحمت پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 25سالہ ظفر زخمی ہوگیا۔

اس سے پہلے کراچی میں رینجرز نے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان ٹارگٹ کلنگ، بھتا خوری، ڈکیتی اور منشیات فروشی میں ملوث بتائے جاتے ہیں۔

ترجمان رینجرز کے مطابق پریڈی تھانے کے علاقے سے 3ملزمان کامران احمد، راحیل حسین اور عبدالرحیم کو گرفتار کیا گیا، ان کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے۔

ملزمان ٹارگٹ کلنگ، بھتا خوری، ڈکیتی، کھالیں چھیننے اور دیگر جرائم میں ملوث ہیں۔ جمشید کوارٹر اور کورنگی سے2 ڈاکو گرفتار کئے گئے، جبکہ بغدادی کے علاقے سے ایک منشیات فروش پکڑا گیا، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ،گولیاں، مسروقہ سامان اور منشیات برآمد ہوئی ہیں۔

مزید خبریں :