دنیا
21 مئی ، 2017

ایران دوسرے ملکوں میں مداخلت کررہا ہے، سعودی شاہ

ایران دوسرے ملکوں میں مداخلت کررہا ہے، سعودی شاہ

سعودی فرمانرواں شاہ سلمان نے کہاہے کہ ایران خمینی انقلاب کے بعد سے دوسرے ملکوں میں مداخلت اور دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔

ریاض میں عرب اسلامک امریکن سربراہ اجلاس سے افتتاحی خطاب میں شاہ سلمان نے عرب ،دیگر مسلم ممالک کے رہنمائوں اور امریکی صدر ٹرمپ کو ریاض آمد پر خوش آمد ید بھی کہا ۔

سعودی فرمان روا کاکہناتھاکہ تہران ہماری خاموشی کو کمزوری اور تدبر کو اپنی فتح نہ سمجھے ، انہوں نے ملکوں اور لوگوں کی مذہبی اور مسلکی بنیادوں پر امتیاز برتے جانے کو مسترد کردیا اور کہا کہ شریعت کا سب سے اہم مقصد انسانی جان کا تحفظ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بدی کی قوتوں سے لڑنا مسلمان ملکوں کی دینی اور ریاستی ذمہ داری ہے، مسلم ملکوں کا عسکری اتحاد دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے قائم کیا گیا ہے ۔

سعودی فرمان روا کا کہناتھاکہ شام کے بحران سے نمٹنا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے،ہمیں دنیا میں امن و استحکام کے لئے مشترکہ کوشش کرنی ہے، دہشت گردی پوری دنیا کےلئے خطرہ بن چکی ہے۔

شاہ سلمان نے یہ بھی کہا کہ داعش اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے خلاف لڑنے کے لیئے پر عزم ہیں ، چاہیے ان کا کوئی بھی نظریہ یا مسلک ہو،اسلامی فوجی اتحاد بنانے کا مقصد دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہے،اسلام امن سلامتی اور روادری کا درس دیتا ہے۔

 

مزید خبریں :