شہر شہر
22 مئی ، 2017

حب ندی و ہاکس بے میں 3افراد ڈوب گئے، حادثے میں خاتون جاں بحق

حب ندی و ہاکس بے میں 3افراد ڈوب گئے، حادثے میں خاتون جاں بحق

حب ندی اور ہاکس بے پر 3 افراد ڈوب کر جبکہ ڈیفنس میں تیز رفتار واٹر ٹینکر کی ٹکر سے خاتون جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ڈیفنس میں واٹر ٹینکر نمبرTTC-642تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوکر دو موٹر سائیکلوں کے ساتھ ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوارخاتون 40 سالہ یاسمین موقع پر ہی جاںبحق جبکہ اسکا خاوند اور دوسری موٹر سائیکل پر سوار اسامہ اور اظہر زخمی ہوگئے۔

پولیس نے واقعے کے ذمہ دار ٹرک ڈرائیور توقیر کو گرفتار کرکے واٹر ٹینکر کو قبضے میں لے کر واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

علاوہ ازیں منگھوپیر تھانے کی حدود حب ندی میں نہاتے ہوئے ایک شخص ڈوب کر جاںبحق ہوگیا۔ متوفی کی شناخت نہ ہونے کے باعث پولیس نے لاش کو شناخت کے لئے ایدھی سرد خانے منتقل کردی ہے۔

دریں اثنا ہاکس بے کے ساحل پر سمندر میں نہاتے ہو ئے ایک نوجوان ڈوب گیا، جس کو فوری طور پر نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹر ز نے معائنے کے بعد اس کی موت کی تصدیق کردی۔ پولیس نے بتایا کہ اسپتال میں متوفی کی شناخت 20سالہ پنٹو کے نام سے کی گئی جو کہ ناظم آباد کا رہائشی تھا۔

دوسری جانب سینذ پٹ کے ساحل پر بھی 2نوجوان سمندر میں نہاتے ہو ئے ڈوب گئے، جس کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ایک شخص کی لاش کو نکال کر اسپتال منتقل کردیا جہاں پر اس کی شناخت 26سالہ ریان ولد سلیم کے نام سے کی گئی جو کہ کورنگی کا رہائشی تھا۔

پولیس نے بتایا کہ دوسرے نوجوان 16سالہ حمید ولد فرید کی لاش نہیں مل سکی ہے اور امدادی ٹیمیں اس کی لاش کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔

 

مزید خبریں :