پاکستان
22 مئی ، 2017

پی آئی اے کی لندن جانے والی پرواز سے21کلو ہیروئن برآمد

پی آئی اے کی لندن جانے والی پرواز سے21کلو ہیروئن برآمد

پی آئی اے کے جہاز سے پھر ہیروئن نکل آئی، 7روز میں قومی ایئرلائن کو دوسرا جھٹکا لگا۔

لندن کے واقعے سے بھی سبق نہ سیکھا، گزشتہ پیر کو ہیتھرو ائیرپورٹ پر ہیروئن نکلی تھی، آج اسلام آباد میں جہاز سے 21کلو سفید پاؤڈر نکل آیا، قسمت اچھی تھی کہ ٹیک آف سے پہلے چھاپا پڑگیا۔

پی آئی اے کا عملہ لندن میں گرفتاری سے بال بال بچ گیا، لیکن ملک کی بدنامی کا ذمے دار کون ہے یہ کوئی نہیں جانتا، رگوں میں زہر اتارنے والے اس بار بھی قانون کے شکنجے سے دور ہیں۔

وہی پرواز، وہی دن، وہی وقت، ٹیک آف بھی بے نظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے، لینڈنگ کا مقام بھی ہیتھرو ایئرپورٹ، پاکستان انٹرنیشنل کی پرواز پی کی سیون ایٹ فائیو، اڑان کے لیے تیار تھی، جب اس پر چھاپا پڑگیا۔

تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک کونا کونا کھنگالا گیا، جہاز کے ہر حصے کی تلاشی لی گئی اور پھر ایک ہفتے میں دوسری بار ہیروئین نکل آئی،ایک یا دو کلو نہیں، پورے 21کلو ہیروئین،جسے بڑے پیار اور مہارت سے کچن میں چھپایا گیا تھا۔

کروڑوں روپے کا زہر اسلام آباد سے لندن پہنچانے کا منصوبہ مکمل تھا،تبھی ویجیلنس ٹیم نے کارروائی ڈال دی۔

وہ تو عملے کی قسمت اچھی تھی جو 21کلو ہیروئین اسلام آباد ائیرپورٹ پر ہی قابو کرلی گئی،پی آئی اے کا عملہ ہیتھرو پرتوہین آمیز سلوک سے بال بال بچ گیا، گھنٹوں تک پوچھ گچھ کی ذہنی اذیت کے عذاب سے نہ گزرنا پڑا،لیکن ملک کی بدنامی کا ذمے دار کون ہے،کوئی نہیں جانتا۔

پچھلے ہفتے پی آئی اے کراچی کے مینٹیننس ڈیپارٹمنٹ کے اوپر شک کے سائے لہرائے تھے، اس کارروائی کے دعوے کہاں ہوا ہوگئے، ایسی کون سی کالی بھیڑیں ہیں جو سکوں کی کھنک کے بدلے اپنے ضمیر کا سودا کرتی ہیں، ملک کے نام کو بیچتی ہیں،عزت کو خاک میں ملاتی ہیں، کیا رگوں میں زہر اتارنے والا مافیا اتنا طاقت ور ہے ہر بار سب کی آنکھوں میں دھول جھونک کر نکل جاتا ہے اور قانون کا آہنی ہاتھ موم کا گڈا بن جاتا ہے۔

پی آئی اے کے طیاروں میں ہیروئن لے جانے کے مکروہ اور گھناؤنے کام میں کون کون ملوث ہے، وزیر اعظم کے مشیر شہری ہوابازی مہتاب عباسی نے تحقیقات کا حکم دے دیا،ایڈیشنل آئی جی پولیس حسین اصغر انکوائری افسر مقرر کردیے گئے ۔

قومی ایئرلائن کی تمام انٹرنیشنل پروازوں کی روانگی سے پہلے مکمل چیکنگ کی جانے لگی، اے این ایف، پی آئی اے سیکیورٹی، کسٹم، انٹیلی جنس اور دیگر اداروں کی ذمے داری لگا دی گئی ۔

مزید خبریں :