انٹرٹینمنٹ
22 مئی ، 2017

کانز فلم فیسٹیول: سونم اور ایشوریا کے ریڈ کارپٹ پر جلوے

کانز فلم فیسٹیول: سونم اور ایشوریا کے ریڈ کارپٹ پر جلوے

دنیا کا سب سے بڑا فلمی میلہ فرانس کے شہر کانز میں پوری آب و تاب سے جاری ہے جہاں چوتھے اور پانچویں روز سونم کپور، ایشوریہ رائے بچن سمیت دیگر ستاروں نے ریڈ کارپٹ پر جلوے بکھیرتے ہوئے تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔

تقریب میں فلاحی فیشن شو کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں نومی کیمبل نے ریمپ پر واک کر کے شو میں رنگ بکھیر دئیے۔

سترہویں سالانہ کانز انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کا میلہ ہر سال کی طرح اس سال بھی اپنی تمام تر جگمگاہٹ اور رعنائیوں کے ساتھ شروع ہوگیا ہے، جہاں ریڈ کارپٹ پر سب سے منفرد نظر آنے کی کوشش کرتی اداکارائیں نت نئے دلکش ملبوسات پہن کر جلوۂ گر ہوئیں۔

بالی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون کے بعد اب ایشوریا رائے بچن اور سونم کپورکانز کے ریڈ کارپٹ پر پہنچیں تو دیکھنے والے اپنی پلکیں جھپکنا بھول گئے۔

سینڈریلا اسٹائل کے بعد ایشوریا نے لال گاؤن میں ریڈ کارپٹ پر فوٹو گرافروں کو پوز دئیے جبکہ سونم نے ہلکے گلابی رنگ کا دلکش گاؤن زیب تن کیا جبکہ ساڑھی میں فوٹو شوٹ بھی کروایا۔

کانز میں فلاحی فیشن شو بھی منعقد کیا گیا جس میں نومی کیمبل نے ریمپ پر فیشن کے جلوے بکھیرے۔

دیگر نامور فنکار و ماڈلز اور ہدایت کار ریڈ کارپٹ پر پہنچے اور فوٹو گرافروں کو خوب پوز دئیے جن میں کینڈل جینر، کرسٹن اسٹورٹ اورٹیری نوٹاری سمیت کئی فنکار شامل ہیں۔

کانز فلم فیسٹیول 17مئی تا 28مئی جاری رہے گا جس میں کُل 25فلموں کے درمیان کڑے مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

میلے میں ہر روز کسی نہ کسی فلم کا پریمیئر ہوگا اور اس کی فلم اسٹار کاسٹ اپنے مداحوں کے سامنے ہوگی۔

بارہ دن تک جاری رہنے والے اس فیسٹیول میں اداکاروں، ہدایت کاروں اور موسیقاروں سمیت فلمز سے جڑے دیگر افراد بھی شریک ہوں گے جبکہ بہترین کام کرنے والے فنکاروں کو ایوارڈز سے بھی نوازا جائے گا۔

پیرس میں فلم فیسٹیول کے موقعے پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ اداکاروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزید خبریں :