شہر شہر
22 مئی ، 2017

کے الیکٹرک کی چالاکیاں،طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری

کے الیکٹرک کی چالاکیاں،طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری

کے الیکٹرک کی چالاکیاں، کراچی کے مختلف علاقوں میں لمبی لمبی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے جبکہ شیڈولڈ لوڈ شیڈنگ والے علاقوں میں بجلی جانے کے گھنٹے اور بڑھ گئے۔

نو لوڈ شیڈنگ ایریاز میں ٹیکنیکل فالٹ، فیڈر ٹرپنگ اور منٹینس ورک کے نام پر بجلی غائب ہے، شہری گرمی میں بغیر بجلی کے پریشان، صنعتی ایریاز میں آئندہ 15 دن رات 11سے صبح 7بجے تک بجلی نہیں ہوگی۔

بجلی کی کم سے کم لوڈ شیڈنگ کے حکومتی دعوے اپنی جگہ، مگر ثابت ہوگیا کہ کراچی میں ہوگا وہی جو کے الیکٹرک چاہے گی ، اس کے پاس زیادہ سے زیادہ لوڈ شیڈنگ کے درجنوں حربے ہیں۔

کے الیکٹرک کہیں مرمتی کام کے بہانے ٹھیک ٹھاک کھمبوں اور پی ایم ٹیز پر عملے کو چڑھا کر گھنٹوں بجلی بند کئے رکھتی ہے، تو کہیں ٹیکنیکل فالٹ کی آڑ لی جاتی ہے، کبھی ٹرانسمیشن لائن میں گڑ بڑ، تو کہیں فیڈر ٹرپ ہونے کی ترپ چال۔

یوں گزشتہ 20 دنوں کے دوران شہر میں بجلی کا چھٹا بریک ڈاؤن ہوا ، اس پر کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ پیر کی صبح تیز ہواؤں اور آندھی کے باعث این ٹی ڈی سی کے 500 کلو واٹ سرکٹ پول کو نقصان پہنچا ،جس سے نیشنل گرڈ سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔

گلشن اقبال، ائیرپورٹ کے اطراف کے علاقے، ایف بی ایریا، نارتھ کراچی، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کا تعطل آئندہ دو تین روز تک جاری رہے گا۔

کراچی میں بجلی کی طلب 3 ہزار میگا واٹ اور شارٹ 500 میگاواٹ ہے، تاہم کئی علاقے ایسے بھی ہیں، جہاں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10سے 12گھنٹے تک جاپہنچا ہے۔

لوڈ شیڈنگ کے باعث صنعتی اور تجارتی علاقے بھی شدید متاثر ہوئے ہیں، تاجر رہنما عتیق میر نے خبردار کیا ہے کہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا تو کے الیکٹرک کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق صنعتوں کو آئندہ 15 دن رات 11سے صبح 7 بجے تک لوڈشیڈنگ کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔

 

مزید خبریں :