کھیل
22 مئی ، 2017

خالد پیش نہ ہوئے،شاہزیب کا جواب جمع، ناصر نے معطلی چیلنج کر دی

خالد پیش نہ ہوئے،شاہزیب کا جواب جمع، ناصر نے معطلی چیلنج کر دی

اینٹی کرپشن ٹریبونل میں اسپاٹ فکسنگ کیس کی کارروائی تو جاری ہے لیکن خالد لطیف اپنے وکیل کے ہمراہ پیش نہیں ہوئے۔

شاہ زیب نے پی سی بی کے ثبوتوں پر اپنا جواب جمع کرا دیا، ادھر انگلینڈ میں مقیم ٹیسٹ کرکٹر ناصر جمشید نے بھی اپنی معطلی کو چیلنج کر دیا۔

اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے ایک ملزم خالد لطیف نے اینٹی کرپشن ٹریبونل کی کارروائی کا بائیکاٹ کر دیا۔

ان کے وکیل بدر عالم کا کہنا ہے کہ ٹریبونل کے سربراہ کی اہلیت کو چیلنج کر رکھا ہے جب تک فیصلہ نہیں ہوتا کارروائی میں حصہ نہیں لے سکتے۔

جواب میں پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے بھی کرارا جواب دیا کہ خالد لطیف آئیں یا نہ آئیں، کارروائی کوڈ کے مطابق جاری رہے گی،اگلے ہفتے تک فیصلہ آنے کا امکان ہے ۔

اسی اسکینڈل کے ایک اور ملزم شاہ زیب نے ٹریبونل کے سامنے اپنا جواب جمع کرا دیا، ساتھ ہی ان کے وکیل کاشف رجوانہ نے ٹریبونل کی کارروائی پر اعتماد کا اظہار بھی کیا۔

ادھر انگلینڈ میں مقیم ٹیسٹ کرکٹر ناصر جمشید نے بھی اپنی معطلی کو پی سی بی ڈسپلنری پینل میں چیلنج کر دیا ہے۔

بورڈ نے انہیں بھی اسپاٹ فکسنگ کیس میں 13 فروری کو معطل کر دیا تھا۔

خالد لطیف کیس کی کارروائی جاری رہے گی جبکہ شاہ زیب حسن کے جواب پرپی سی بی اپنا جواب یکم جون کو جمع کروا سکتا ہے۔

مزید خبریں :