کاروبار
25 مئی ، 2017

لاہور :پھل اور سبزیوں کے نرخ آسمان سے باتیں کرنے لگے

لاہور :پھل اور سبزیوں کے نرخ آسمان سے باتیں کرنے لگے

رمضان المبارک میں صرف دو دن باقی ہیں اور لاہور کی مارکیٹوں میں پھل اور سبزیوں کے نرخ آسمان سے باتیں کرنے لگے۔

پھل 2سو سے 3سو روپے کلو اور سبزیاں سو روپے کلو سے بھی مہنگی ہوگئیں، شہری سر پکڑ کر بیٹھ گئے کہ کیا پکائیں کیا کھائیں، مختلف مقامات پر رمضان بازار بھی سج گئے، جہاں کھانے پینے کی اشیاء کم قیمت پر دستیاب ہیں۔

شہر میں رمضان کی آمد سے دو روز قبل ہی مارکیٹ اور بازاروں میں دکاندار نے خود ساختہ پھل اور سبزیوں کے نرخ بڑھا دیے، کیلا، سیب، آڑو، فالسہ، خوبانی 200سے 300 روپے فروخت ہونے لگے، جبکہ تربوز 35 روپے کلو بک رہا ہے۔

سبزیوں میں آلو 40 روپے، پیاز 40 روپے، بینگن 80 روپے، بھنڈی 120 روپے، کریلے 80 روپے، ٹینڈے 80 روپے، کدو 60 روپے، پھلیاں 100 روپے، اروی 120 روپے کلو بیچی جارہی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک سے پہلے قیمت قوت خرید سے باہر ہوگئی ہیں،رمضان میں کیسے گھر کا چولہا جلے گا۔

دوسری جانب لاہور میں 31 مختلف مقامات پر رمضان بازار لگ گئے ہیں جن میں چینی اور آٹے کے علاوہ چند سبزیاں اور پھل کی فیئر پرائس شاپس لگائی گئی ہیں۔

ان شاپس پر ٹماٹر، کدو 16 روپے، پیاز 17 روپے، کریلے 24 روپے، آلو 28 روپے، کھجور 133، کیلا 77 اور سیب 240 کے حساب سے فروخت کیا جارہا ہے۔

لیموں 166 روپے، چنے کی دال 100 روپے، ثابت مسور 80 روپے، دال مسور 85 روپے، دال ماش 170 روپے، سفید چنا 142، نیا چاول 105 اور بیسن 98 روپے فی کلو ریٹ مقرر کیا گیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت پھل اور سبزیوں کے نرخ بڑھنے کا نوٹس لے، یہ نرخ بڑھانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے تاکہ غریب عوام کو رمضان میں ریلیف مل سکے۔

مزید خبریں :