شہر شہر
26 مئی ، 2017

کراچی: نیب کا زیر سماعت ملزم فرار، منشیات فروشی میں ملوث اہلکار گرفتار

کراچی:  نیب کا زیر سماعت ملزم فرار، منشیات فروشی میں ملوث اہلکار گرفتار

کراچی میں نیب کا زیر سماعت قیدی پہلے طبیعت کی ناسازی کے بہانے نجی اسپتال پہنچا اور پھر ضمانت منسوخ ہونے پر رات گئے کورٹ پولیس کو چکمہ دے کر باآسانی فرار ہو گیا۔ منشیات فروشی کے دھندے میں ملوث سٹی کورٹ پولیس کا اہلکار رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کلفٹن میں پنجاب چورنگی کے قریب نجی اسپتال سے نیب کا زیر سماعت ملزم فرار ہو گیا ہے۔ حسین بخش ناریجو نامی اس ملزم کو نجی اسپتال میں رکھا گیا تھا، ملزم او جی ڈی سی ایل بلوچستان میں اسٹور انچارج تھا، جہاں اس پر 27 کروڑ روپے غبن کرنے کا مقدمہ زیر سماعت تھا۔

ذرائع بتاتے ہیں کہ ملزم نے یا تو پولیس اہلکاروں کو رشوت دی یا پھر ان کو چکمہ دیا۔ ملزم کی ضمانت کل ہی منسوخ ہوئی تھی اور صبح 4سے5 بجے کے درمیان ملزم نے اپنے بیٹے سے گاڑی منگوائی ۔اسپتال سے نکلا اور آسانی سے یہ جا وہ جا۔

فرار کا مقدمہ فریئر تھانے میں درج کر لیا گیاہے، ملزم کی نگرانی پر مامور2 پولیس اہلکاروں کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

دوسری جانب کراچی کی کورٹ پولیس کے ایک ہی دن میں 2 کارنامے سامنے آگئے۔ پہلے نیب کا زیر سماعت ملزم کورٹ پولیس کی تحویل سے فرار ہوا اور پھر سٹی کورٹ سے منشیات کا گھناونا دھندہ کرنے والا اہلکار گرفتار کرلیا گیا۔

ہیڈ کانسٹیبل جیمس کورٹ پولیس کا ہیڈ کانسٹیبل ہے۔ پولیس اہلکار کو گزری میں کام کرنے والے منشیات فروش کے کارندے نے سٹی کورٹ میں منشیات فراہم کی جو اسے آگے قیدیوں کو فراہم کرنا تھی، تاہم وہ پکڑ لیا گیا ہے۔

 

مزید خبریں :