پاکستان
27 مئی ، 2017

مختلف شہروں میں شدید ترین گرمی سے رمضان کا استقبال

مختلف شہروں میں شدید ترین گرمی سے رمضان کا استقبال

رمضان سے ایک روز قبل ملک کے مختلف شہروں میں آج دن میں سورج سوا نیزے پر پہنچ گیا،محکمہ موسمیات نے آئندہ دو سے تین روز تک ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے ۔

تربت اور سبی میں درجہ حرارت 52، جیکب آباد میں 51، لاڑکانہ میں 50،دادو اور لاڑکانہ میں 49، رحیم یار خان، موئن جو دڑو اور بھکر میں 48،بہاولنگر اور کوٹ ادو میں 47، سکھر اور ڈیرا غازی خان میں 46،لاہور ،پشاور اور اوکاڑہ میں 45، فیصل آباد میں 43، بنوں میں44، منگلا میں 41، کراچی اور گلگت میں 36ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ دو سے تین روز تک ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے، تاہم ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ملک کے بیشتر علاقے ان دنوں گرمی کی شدید لپیٹ میں ہیں، شدید گرم اور خشک موسم کا سلسلہ ابھی مزید دو سے تین روزجاری رہے گا ۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، گوجرانولہ، ساہیوال، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور، ڈی آئی خان، پشاور، بنوں، سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، حید رآباد، میر پور خاص، سبی اور نصیر آباد ڈویژن میں شدید گرمی پڑے گی۔

کراچی میں آئندہ 2 سے 3 روز تک درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب دن کے وقت85 فیصد تک پہنچ سکتا ہے ۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہفتے کے روز بھی دن شدید گرم رہے گا تاہم شام کے وقت اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے ۔

پشاور میں پارہ 45 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

پشاور میں گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، درجہ حرارت 45 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے، جس کی وجہ سے دن میں سڑکیں سنسان رہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور سمیت صوبہ خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں لو چلنے سے گرمی کی شدت مزید چند دن برقرار رہنے کا امکان ہے۔

لاہورسمیت پنجاب بھر میں شدید گرمی کا اسپیل جاری ہے،لاہور میں جمعے کے روز درجہ حرارت45ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو گیا تھا۔

محکمہ موسمیات نےاگلے2سے3روز کےدوران ملک کےمیدانی علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز لاہور میں زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت 45ڈگری سینٹی گریڈ اورکم سے کم 28ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

آج صبح ہوا میں نمی کا تناسب15فیصد رہا،محکمے نے ناصرف آج بھی موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیاہے،بلکہ پیش گوئی کی ہے کہ اگلے2سے3روز کےدوران ملک کےمیدانی علاقوں میں شدید گرم اور خشک موسم رہے گا۔

مزید خبریں :