پاکستان
27 مئی ، 2017

کشمیری نوجوانوں کا قتل، پاکستان کا شدید اظہار مذمت

کشمیری نوجوانوں کا قتل، پاکستان کا شدید اظہار مذمت

پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں 12کشمیری نوجوانوں کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔

مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے سفاک بھارتی فوج کے ہاتھوں مقبوضہ کشمیر میں 12 کشمیری نوجوانوں کے بہیمانہ قتل کی سخت مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور او آئی سی سے بھارتی مظالم بند کرانے کیلئے کردار ادا کرنے کو کہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کشمیر میں جرائم کے ساتھ لائن آف کنٹرول پر بھی کشیدگی بڑھا رہا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق مشیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کے علاقوں بارا مولا اور پلوامہ میں بھارتی فوج کی بربریت اور 12 کشمیریوں کی شہادت پر رد عمل میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ، عالمی برادری، او آئی سی اور پی فائیو کشمیریوں کا قتل عام رکوائیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں سوشل، الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر پابندی لگادی ہے، مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں لڑکے اور لڑکیاں بھارت کے خلاف تحریک کے لیے نکلے ہیں۔

سرتاج عزیز کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھارتی فورسز جعلی مقابلوں میں کشمیری نوجوانوں کو شہید کررہی ہیں، بھارت کشمیریوں کی جدوجہد کو نقصان پہنچانے کے لیے داعش کی موجودگی کا شوشہ چھوڑ رہا ہے۔

مزید خبریں :