کھیل
27 مئی ، 2017

وارم اپ میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو ہرادیا

وارم اپ میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو ہرادیا

پاکستان کرکٹ ٹیم نے ہائی اسکورنگ وارم اپ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلا دیش کو 2وکٹوں سے شکست دے دی ۔

برمنگھم میں کھیلے جانے والے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے وارم اپ میچ میں بنگلا دیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 342رنز کا ہدف دیا ،جو گرین شرٹ نے3گیندوں قبل ہی حاصل کرلیا ۔

پاکستان کی جیت میں فہیم اشرف اور حسن علی 9وکٹ پر بننے والی 93رنز کی ناقابل شکست شراکت نے اہم کردار ادا کیا ۔

فہیم اشرف نے میچ میں 30گیندوں پر 64رنز جبکہ حسن علی نے 27رنز بنائے، دونوں کھلاڑیوں نے 41گیندوں پر 93رنز جوڑے، پاکستان کی طرف سے شعیب ملک نے 72 ، حفیظ نے 49 ،عماد وسیم نے45اور احمد شہزاد نے 44رنز بنائے۔

بنگلا دیش نے 8کھلاڑیوں سے بولنگ کرائی، مہدی حسن مرزا نے 2،مشرفی مرتضیٰ، تسکین احمد، شفیع الاسلام، شکیب الحسن اور مصدق حسین نے ایک ایک پاکستانی بیٹسمین کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس سے قبل بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان مشفق الرحیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کو جیت کے لیے 342رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا۔

بنگال ٹائیگرز کی طرف سے تمیم اقبال نے 102رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ساتھ ہی عمر القیس نے 61، مشفق الرحیم نے 46اور محمد اللہ نے 29رنز نمایاں رنز بنائے۔

کپتان سرفراز احمد نے مخالف ٹیم کا شکار کرنے کے لیے 7 بولروں کو آزمایا لیکن کوئی نمایاں نہ رہا۔

جنید خان نے 9 اوورز میں 73 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حسن علی اور شاداب خان نے 2،2 شکار کئے۔

مزید خبریں :