پاکستان
29 مئی ، 2017

کراچی: بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری، آج بھی سحری اندھیرے میں کی گئی

کراچی کے بیشتر علاقوں میں آج بھی لوڈشیڈنگ جاری ہے، شہریوں نے پہلی افطار کے بعد سحری بھی اندھیرے میں کی۔

کراچی کے بیشتر شہریوں نے رمضان کے دوسرے روزے کی سحری بھی اندھیرے میں کی، کے الیکٹرک کے افطار و سحر میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے دعووں کی قلعی کھل گئی۔

کل سحری کے بڑے بریک ڈاؤن کے بعد افطار سے اب تک کئی علاقوں کی بجلی بند ہے۔ نارتھ کراچی، ناگن چورنگی، یوپی موڑ، نیو کراچی اور شاہ فیصل سمیت متعدد علاقوں میں اندھیرے میں سحری کی گئی۔

گلستان جوہر، اورنگی، شاہ فیصل، ملیر، الحلال سوسائٹی، پرانی سبزی منڈی میں گزشتہ کئی گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ لیاری، آگرہ تاج کالونی، بہار کالونی، سینگولین، ماری پور میں بھی بجلی بند، اورنگی ٹاون، منگھوپیر، ملیر، شاہ فیصل، ماڈل کالونی میں بھی بجلی کی فراہمی تاحال معطل ہے۔

ادھر ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شاہ فیصل اور ملیر سے منسلک چند علاقوں میں بجلی کا تعطل ہے۔ بجلی کی بحالی کا عمل جاری ہے اور مقامی فالٹس کو لوڈشیڈنگ کا تاثر دینا غلط ہے۔

 

مزید خبریں :