پاکستان
29 مئی ، 2017

اسلام آباد، کشمیر اور پنجاب میں آندھی و بارش، موسم خوشگوار

اسلام آباد، کشمیر اور پنجاب میں آندھی و بارش، موسم خوشگوار

اسلام آباد، پنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤ الدین، سرگودھا، ملتان سمیت پنجاب اور آزاد کشمیر میں آندھی اور بارش سے موسم خوش گوار ہو گیا۔ کئی شہروں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ہے۔

کل پہلے روزے کو گرمی کا خوب زور رہا،بلوچستان کاضلع تربت میں ریکارڈ 53 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ گرمی پڑی اور مئی 2009کا 52ڈگری کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ سبی50، جیکب آباد، دادو49، لاڑکانہ48، بھکر اور سکھر میں 47 ڈگری رہا۔

پشاور43،لاہور 40،اسلام آباد 39،کوئٹہ 38 اور کراچی میں36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، تاہم افطار کے بعد اسلامآباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائوں، آندھی اور پھر بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا۔

راولپنڈی میں بارش اور ژالہ باری کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ لاہور اور گردونواح میں بھی رات گئے آندھی سے گرمی کا زور تو ٹوٹ گیا مگر گردوغبار نے سڑک پر سفر کرنے والوں کافی پریشان کیا۔

کامونکی کےعلاقے حبیب آباد میں آندھی سے مکان کی دیوار گرگئی، حادثے میں زخمی معمرخاتون دم توڑ گئیں۔ ملتان، خانیوال، چیچہ وطنی میں آندھی کے بعد بارش ہوئی، جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔

آزاد کشمیر کے شہروں مظفرآباد، میرپور اور کوٹلی میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، جبکہ کشمیر اورملحقہ پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

مزید خبریں :