پاکستان
29 مئی ، 2017

خیبرپختونخوا میں لوڈشیڈنگ کیخلاف پرتشدد احتجاج، ایک شخص ہلاک

پشاور: خیبرپختونخوا میں غیراعلانی لوڈشیڈنگ کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے اور واپڈا آفس پر دھاوا بول دیا جب کہ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں سے جھڑپ کے دوران ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

جیو نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا کی مالاکنڈ ایجنسی کے علاقے درگئی میں بجلی کے ستائے عوام نے واپڈا کے دفتر پر دھاوا بول دیا۔ مشتعل مظاہرین نے دفتر میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے فرنیچر کو آگ لگا دی۔

صورتحال قابو سے باہر ہونے پر واپڈا حکام نے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو طلب کرلیا جس کے بعد مشتعل مظاہرین اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی جس کے دوران متعدد مظاہرین اور واپڈا ملازمین زخمی بھی ہوئے۔

سیکیورٹی اہلکاروں سے جھڑپ کے بعد مشتعل مظاہرین نے مردان روڈ کو بند کردیا جس کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔

ٹریفک کی روانی متاثرہونے پر لیویز اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ کی جس کے دوران گولیاں لگنے سے ایک شخص موقع پر ہلاک اور دیگر 4 مظاہرین زخمی ہوگئے۔

ایک شخص کی ہلاکت کے بعد مظاہرین مزید مشتعل ہوگئے اور انہوں نے قریبی تھانے کو آگ لگا دی جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر بھی معمولی زخمی ہوئے۔

پیسکو ترجمان کے مطابق مظاہرین نے واپڈا آفس کو نقصان پہنچانے کے علاوہ ایکسیئن آفس سمیت ایس ڈی او آفیسر کے دفاتر میں موجود ریکارڈ کو آگ لگا دی جب کہ مظاہرین نے حکام کی گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیئے۔

ترجمان کے مطابق لوڈشیڈنگ کے معاملے پر قبائلی عمائدین کا جرگہ طلب کرلیا گیا ہے جس میں حالیہ کشیدگی اور اس کی وجوہات پر بات ہوگی۔

دوسری جانب پشاور میں تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی فضل الہٰی کی قیادت میں پشاور کے رنگ روڈ پر بڑی تعداد میں لوگوں نے احتجاج کیا تاہم فضل الٰہی کے ساتھ مذاکرات کے دوران پیسکو حکام نے بجلی بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی جس پر مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔

ادھر چارسدہ کے علاقے عمرزئی میں غیراعلانی لوڈ شیڈنگ کے خلاف بڑی تعداد میں لوڈ سڑکوں پر نکل آئے اور مظاہرے کے دوران تنگی چارسدہ روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا، احتجاج کرنے والوں کا کہنا تھا کہ لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل نہ ہوا تو واپڈا آفس کا گھیراؤکریں گے۔

مزید خبریں :