کھیل
01 جون ، 2017

چیمپئنز ٹرافی سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم میں پھوٹ

چیمپئنز ٹرافی سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم میں پھوٹ

چیمپئنز ٹرافی سے قبل ہی بھارتی کرکٹ ٹیم میں پھوٹ پڑ گئی جس کی وجہ سے کرکٹ بورڈ شدید پریشان ہے جب کہ ٹیم کو متحد کرنے کے لئے سابق کپتان سارو گنگولی اور سچن ٹنڈولکر سے مدد طلب کر لی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اور کوچ انیل کمبلے کے درمیان گرما گرمی شدت اختیار کرچکی ہے اور دونوں ایک دوسرے کی بات سننے کو بھی تیار نہیں تاہم کرکٹ بورڈ کی جانب سے کپتان اور کوچ کے درمیان جاری تنازع کو حل کرنے کے لئے گنگولی اور ٹنڈولکر کو کپتان اور کوچ کے درمیان کشیدگی ختم کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سابق کپتان سارو گنگولی لندن میں ہی موجود ہیں جب کہ سچن ٹنڈولکر چھٹیاں گزارنے انگلینڈ گئے تھے جو چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کے خلاف 4 جون کو ہونے والے پہلے میچ سے قبل ٹیم کو جوائن کریں گے۔

بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کا کہنا ہے کہ کوچ انیل کمبلے غیرضروری طور پر مداخلت کرتے ہیں جس سے کھلاڑیوں کی کارکردگی متاثرہوتی ہے جب کہ کمبلے کا موقف ہے کہ ویرات کوہلی دی گئی ہدایات پر عمل نہیں کرتے جس سے ڈریسنگ روم کا ماحول متاثر ہوتا ہے۔

سابق کپتان گنگولی کا کہنا ہے کہ انہیں نہیں معلوم کہ ویرات کوہلی اور ٹیم کے کوچ انیل کمبلے کے درمیان کیا کشمکش ہے تاہم یہ وہ موقع نہیں کہ کپتان اور کوچ کشیدگی کا اظہار کریں اور اس پر کھل کر بات کی جائے۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کے جوائنٹ سیکرٹری امیتابھ چوہدری اور جنرل منیجر ایم وی سری دھار گزشتہ روز برمنگھم پہنچے ہیں جو کپتان اور کوچ کے درمیان کشیدگی کو قریب سے دیکھ کر اسے حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

ادھر بھارتی کرکٹ بورڈ نے کوچ انیل کمبلے کی جگہ کسی اور کوچ کے لئے درخواستیں طلب کرلی ہیں جب کہ کمبلے کی ایک سالہ مدت چیمپئنز ٹرافی کے اختتام پر مکمل ہورہی ہے۔

مزید خبریں :