کھیل
11 جون ، 2017

چیمپئنز ٹرافی:جنوبی افریقا کا بھارت کو 192رنز کا ہدف

چیمپئنز ٹرافی:جنوبی افریقا کا بھارت کو 192رنز کا ہدف

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے گیارہویں اور گروپ اے کے اہم میچ میں بھارتی بولنگ کے سامنے جنوبی افریقا کی ٹیم 191رنز پر ہمت ہار گئی اور سیمی فائنل تک رسائی کے لئے بھارت کو 192رنز کا ہدف دیدیا۔

اوول گرائونڈ پر کھیلے جارہے اہم میچ میں سیمی فائنل تک رسائی کو آسان بنانے کی سوچ کے ساتھ بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کی ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔

جنوبی افریقا کے اوپنرز نے انتہائی محتاط انداز میں بیٹنگ شروع کی ،جس سے لگا کہ بھارتی کپتان نے بیٹنگ کی دعوت دے کر بڑی غلطی کردی ،مگر 76 کے مجموعے پر پروٹیز کی پہلی وکٹ گری ،ہاشم آملہ 35رنز بناکر ایونٹ میں پہلا میچ کھیل رہے باولر ایشون کا شکار بنے۔

پہلی وکٹ گرنے کےبعد کھیل کا رخ ہی بدلنے لگا ،جنوبی افریقی کھلاڑیوں کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی چلی گئی ، ڈی کوک کے سوا کوئی بھی افریقی کھلاڑی نصف سنچری بنانے میں کامیاب نہ ہوسکا اور پوری ٹیم 44اعشاریہ 3اوورز میں 191رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔

116 کے اسکور پر 53رنز بنانے والے ڈی کوک کی وکٹ رویندر جڈیجا کے حصے میں آئی ،140 کے اسکور پر16رنز پر کھیل رہےکپتان ڈی ویلیئر رن آئوٹ ہوئے تو شائقین کے بڑے اسکورننگ میچ کی امید دم توڑ گئی۔

اس موقع پر وکٹ پر موجود فف ڈو پلیسی کا ساتھ دینے کے ڈیوڈ ملر آئے جو اگلے ہی اوور میں رن آوٹ ہوگئے ،یوں جنوبی افریقا کے دو اہم کھلاڑی ڈوپلیسی کےساتھ بہتر ہم آہنگی نہ ہونے کے باعث پویلین لوٹ گئے۔

فف ڈوپلیسی 36رنز پر ہی پہنچے تھے کہ پانڈیا نے انہیں شاندار بولڈ مارا،اس کے بعد تو جیسے لائن ہی لگ گئی ،کرس مورس4،پھیلکوایو4،بادا 5،مورکل صفر اور عمران طاہر 1رنز پر آئوٹ ہوگئے ۔

جنوبی افریقا کی طرف سے 20رنز بنانے والے ڈومنی ناٹ آوٹ لوٹے ۔بھارت کی طرف سے بھونیشور کمار ،بمرا نے 2،2 جبکہ ایشون ،جڈیجااورپانڈیا نے 1،1وکٹ اپنے نام کی ۔

مزید خبریں :